امریکہ میں ہندوستانی کنبہ خوفناک حادثے کا شکار، کار میں جل کر میاں بیوی اور 2 معصوم بچوں کی دردناک موت
مقامی پولیس کے مطابق سڑک پر غلط سائڈ میں چل رہا ایک منی ٹرک حیدر آباد کے کنبہ کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ ٹکر لگتے ہی کار میں آگ لگ گئی اور اس میں سوار سبھی لوگ جل کر خاک ہو گئے۔

امریکہ میں حادثے کا شکار حیدر آبادی کنبہ۔ ویڈیو گریب
چھٹیاں منانے کے لیے امریکہ گئے حیدر آباد کے ایک کنبہ کے لیے زندگی کا آخری سفر ثابت ہوا۔ ایک خوفناک سڑک حادثے میں میاں بیوی اور اس کے دو معصوم بچوں کی موت ہو گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار میں آگ لگنے کے بعد پورا کنبہ اس میں زندہ جل گیا۔ یہ دل دہلانے والا واقعہ گرین کاؤنٹی امریکہ کا ہے، جب پورا پریوار اٹلانٹا سے ڈلاس واپس ہو رہا تھا۔
یہ حادثہ 7 جولائی کو پیش آیا۔ حیدر آباد کے تیجسونی اور شری وینکٹ اپنے دو بچوں کے ساتھ ڈلاس پہنچے اور بعد میں چھٹیوں کے دوران اٹلانٹا میں رشتہ داروں سے ملاقات کی۔ ایک ہفتے کے بعد اٹلانٹا سے ڈلاس لوٹتے وقت آدھی رات کے آس پاس ان کی کار ایک خوفناک حادثے کی شکار ہو گئی۔
مقامی پولیس کے مطابق سڑک پر غلط سائڈ میں چل رہا ایک منی ٹرک ان کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ ٹکر لگتے ہی کار میں آگ لگ گئی اور اس میں سوار سبھی لوگ جل کر خاک ہو گئے۔ گاڑی بھی بُری طرح سے جل گئی تھی۔ اسی وجہ سے پولیس نے لاش کے باقیات برآمد کیے اور انہیں فارینسک جانچ کے لیے بھیج دیا۔ حیدر آباد میڈچل میں وینکٹ اور تیجسونی کے رشتہ داروں کو جب اس حادثہ کی جانکاری ملی تو کنبہ میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ سبھی لوگ صدمے میں ہیں اور سرکاری تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔
جہاں اٹلانٹا میں کنبہ سڑک حادثہ کا شکار ہوا، وہیں اس سے پہلے بھی ہندوستانیوں کی امریکہ میں سڑک حادثے میں موت ہوئی ہے۔ 10 مئی کو نیویارک میں 2 ہندوستانی طلبا بھی سڑک حادثے میں مارے گئے تھے۔ کلیو لینڈ اسٹیٹ یونیورسٹی میں پڑھنے والے دو ہندوستانی طلبا 20 سالہ مانو پٹیل اور 23 سالہ سوربھ پربھاکر کی نیویارک میں ایک کار حادثے میں موت ہو گئی تھی۔
یہ حادثہ ایسٹ کوکالیکو ٹاؤن شپ، لینکسٹر کاؤنٹی میں پیش آیا۔ جہاں ان کی گاڑی توازن کھو بیٹھی اور ایک پیڑ سے ٹکرا گئی اور پھر آخرکار ایک پُل سے جا ٹکرائی۔ گاڑی چلا رہے سوربھ پربھاکر اور پٹیل دونوں کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔ اسی کے ساتھ آگے کی سیٹ پر بیٹھا ایک اور شخص اس حادثے میں بچ گیا جسے علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔