نوبل ملنے کے بعد ابھجیت بنرجی کا پہلا رد عمل ’ہندوستانی معیشت ڈانواڈول‘

ہندوستانی معیشت اچھی حالت میں نہیں اور سرکاری طور پر پیش کردہ اعداد و شمار قابل اعتبار نہیں۔ یہ بات معاشیات کے لیے نوبل انعام جیتنے والے ابھجیت بنرجی نے ایوارڈ جیتنے کے بعد پہلا رد عمل دیتے ہوئے کہی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

2019 کا نوبل انعام جیتنے والے ابھجیت بنرجی کا کہنا ہے کہ اس وقت ہندوستانی معیشت غیر مستحکم حالت میں ہے۔ ترقیات سے متعلق موجودہ اعداد و شمار دیکھنے کے بعد اس کے بارے میں پراعتماد نہیں ہوں کہ اس کا مستقبل قریب میں کیا اثر پڑنے والا ہے اور معیشت کی باز آبادکاری کس طرح ہوگی۔‘‘ نوبل پرائز ڈاٹ او آر جی کو دیے گئے انٹرویو میں ابھجیت بنرجی نے کہا کہ موجودہ وقت میں پیش کردہ اعداد و شمار یہ بھروسہ نہیں جگاتے ہیں کہ ملک کی معیشت میں جلد کوئی بہتری ہوگی۔

ابھجیت بنرجی نے ایک نیوزی چینل سے بات چیت کے دوران بھی ہندوستانی معیشت کے تئیں اپنی فکر کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ چھ سال میں ہم نے کچھ ترقی دیکھی تھی، لیکن اب یہ بھروسہ بھی جا چکا ہے۔‘‘


اس درمیان ابھجیت بنرجی نے ایک انکشاف کیا کہ اسٹاک ہوم سے جب انھیں فون آیا تو وہ گہری نیند میں تھے۔ ابھجیت نے کہا کہ وہ عام طور پر صبح جلدی اٹھنے کے عادی نہیں ہیں، لیکن خبر ملنے کے بعد ان کی نیند کھل گئی۔ انھوں نے کہا کہ نیند پوری نہ ہونے سے ان کے لیے دن بھر پریشانی ہو جاتی ہے، اس لیے انھوں نے دوبارہ سونے کی کوشش کی۔ مبارکباد دینے کے لیے آنے والے فون کی گھنٹیوں کے درمیان بھی وہ 40 منٹ مزید سو گئے۔

58 سالہ بنرجی نے نوبل انعام ملنے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے سوچا نہیں تھا کہ کیریر میں اتنی جلدی انھیں یہ عزت مل جائے گی۔ امریکہ میں میساچوئٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں اکونومکس پڑھانے والے ابھجیت بنرجی نے کہا ’’میں پچھلے 20 سالوں سے یہ ریسرچ کر رہا ہوں۔ ہم نے غریبی کم کرنے کے لیے حل دینے کی کوشش کی ہے۔‘‘


ابھجیت بنرجی نے ساتھ ہی کہا کہ یہ ایوارڈ ظاہر کرتا ہے کہ ہم اکثر فلاح کے لیے صرف باتیں کرتے ہیں، لیکن ایسے ایوارڈ کے لیے یہ ہمیشہ معنی نہیں رکھتا۔ ابھجیت بنرجی نے پرتھم اور سیوا مندر نام کے دو این جی او کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ان تنظیموں نے زمینی سطح پر کام کیا اور انھوں نے ان سے کافی کچھ سیکھا ہے۔ وہ اپنے نجی تجربے سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ تنظیمیں ہمارے لیے کافی اہم ہیں۔

ہندوستانی نژاد کے امریکی ماہر معیشت ابھجیت بنرجی اور ان کی بیوی ایستھر ڈُفلو کو سال 2019 کے لیے معاشیات کے نوبل انعام کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان کے ساتھ ہی ماہر معیشت مائیکل کریمر کو بھی اس باوقار انعام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ تینوں کو مشترکہ طور پر یہ انعام دیا جائے گا۔ نوبل انعام کمیٹی نے کہا کہ تینوں ماہرین معیشت کو بین الاقوامی سطح پر غریبی کم کرنے کے ان کے تجرباتی نظریے کے لیے انعام دیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */