کرکٹ: ہندوستانی ٹیم کے لیے بری خبر، روہت شرما نیوزی لینڈ دورہ سے باہر

نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ٹی-20 میچ کے دوران بلے بازی کرتے ہوئے روہت شرما کو چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔ اس چوٹ کی وجہ سے وہ بقیہ نیوزی لینڈ دورہ سے بھی باہر ہو گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما پنڈلی میں لگی چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ اتوار کے روز نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ٹی۔20مقابلے میں بلے بازی کے دوران روہت شرما کو چوٹ لگ گئی تھی جس کے بعد وہ دوبارہ میدان پر نہیں اتر سکے۔ روہت نے اس مقابلے میں 60رن بنائے تھے اور اس کے بعد وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے تھے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ٹی-20 میچ کے دوران کپتان وراٹ کوہلی کو آرام دیا گیا تھا اور ان کی غیرموجودگی میں روہت شرما نے ٹیم کی کمان سنبھالی تھی۔ لیکن روہت کے زخمی ہونے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز لوکیش راہل نے ان کی جگہ کپتانی کی تھی۔ راہل نے حالانکہ میچ کے بعد روہت کی چوٹ پر کہا تھا کہ وہ کچھ دنوں میں ٹھیک ہوجائیں گے لیکن اب ظاہر ہو گیا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔


روہت شرما سے پہلے سلامی بلے باز شکھر دھون بھی چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے دورہ میں شامل نہیں ہوسکے تھے اور اب روہت کا اس طرح باہر ہونا ٹیم انڈیا کے لئے کسی جھٹکے سے کم نہیں ہے۔ ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے ساتھ 5 فروری سے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلنی ہے اور اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہونی ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی-20سیریز میں 5-0سے شکست دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔