قطر میں موت کی سزا پائے 8 سابق بحریہ افسران سے ہندوستانی سفیر نے کی ملاقات

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ قطر میں آٹھ سابق بحریہ فوجیوں کو موت کی سزا دیے جانے کے کیس میں ہماری اپیل پر دو سماعتیں ہو چکی ہیں، ہم انھیں سبھی قانونی امداد دے رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ارندم باگچی، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ارندم باگچی، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

قطر میں جن 8 سابق بحریہ افسران کو سزائے موت سنائی گئی ہے، انھیں انصاف دلانے کے لیے حکومت ہند ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے 7 دسمبر کو اس سلسلے میں تازہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت ہند پورے معاملے پر اپنی نظر بنائے ہوئی ہے اور ہندوستانی سفیر نے سبھی 8 سابق بحریہ افسران سے ملاقات بھی کی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے یہ بھی جانکاری دی کہ عدالت میں اپیل کے بعد اب تک دو سماعتیں بھی ہو چکی ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی کا کہنا ہے کہ ’’قطر میں آٹھ سابق بحریہ فوجیوں کو موت کی سزا دیے جانے کے کیس میں ہماری اپیل پر دو سماعتیں ہو چکی ہیں۔ ہم معاملے پر گہری نظر رکھتے ہوئے سبھی قانونی امداد دے رہے ہیں۔ ہمارے سفیر کو اتوار (3 دسمبر) کے روز آٹھوں لوگوں سے جیل میں ملنے کے لیے کاؤنسلر ایکسیس (رسائی) ملا۔ یہ حساس معاملہ ہے، لیکن ہم جو کچھ بھی کر سکتے ہیں وہ کریں گے۔‘‘


باگچی نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے دیکھا ہوگا کہ سی او پی 28 سے علیحدہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملاقات کی تھی۔ اس میں پی ایم مودی اور تمیم بن حمد الثانی کے درمیان دونوں ممالک کے درمیان دو فریقی تعلقات اور قطر میں رہ رہے ہندوستانی طبقہ کی فلاح کو لے کر بھی بات چیت ہوئی تھی۔‘‘ حالانکہ باگچی نے یہ نہیں بتایا کہ پی ایم مودی اور تمیم بن حمد الثانی کے درمیان کیا کچھ بات چیت ہوئی تھی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پی ایم مودی نے قطر کے امیر کے سامنے موت کی سزا پائے 8 سابق بحریہ افسران کا معاملہ اٹھایا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔