عرفان خان کے انتقال سے دنیائے کھیل میں بھی پسرا ماتم

عرفان خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سچن نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ عرفان کے انتقال کی خبر سن کر کافی دکھی ہوں۔ وہ میرے پسندیدہ اداکاروں میں سے ایک تھے اور میں نے تقریباً ان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کرکٹ آئکن سچن تندولکر اور ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی سمیت کھیل دنیا کی تمام شخصیات نے اداکار عرفان خان کے انتقال پر بدھ کو غم کا اظہار کر تے ہوئے انہیں اپنا خراج عقیدت پیش کیا۔ اداکار عرفان خان کا آج ممبئی کے كوکیلا بین اسپتال میں انتقال ہو گیا ۔وہ 43 سال کے تھے۔ عرفان گزشتہ چند سالوں سے کینسر میں مبتلا تھے اور لندن سے علاج کرا کر واپس ہندوستان لوٹے تھے۔ لیکن منگل کی شام اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

عرفان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سچن نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ عرفان کے انتقال کی خبر سن کر کافی دکھی ہوں۔ وہ میرے پسندیدہ اداکاروں میں سے ایک تھے اور میں نے تقریباً ان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں۔ ان کی آخری فلم انگریزی میڈیم میں انہوں نے شاندار اداکاری کی تھی۔ خدا ان کی روح کو سکون فراہم کرے اور ان کے اہل خانہ کو غم برداشت کرنے کی طاقت دے۔


وراٹ کوہلی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ عرفان کے انتقال کی خبر سے پریشان ہوں۔ ان میں بے مثال صلاحیت تھی اور وہ اپنی اداکاری سے سب کے دلوں کو چھو لیتے تھے۔ خدا ان کی روح کو سکون دے۔ وریندر سہواگ نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ عرفان ایک بہترین اداکار اور بہترین صلاحیتوں کے ماکل تھے۔ ان کے اہل خانہ کے تئیں میں اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔


پہلوان یوگیشور دت نے کہا کہ ہمارے وقت کے بہترین اداکاروں میں سے ایک عرفان خان کے انتقال کی خبر سے ساکت ہوں۔ آپ کے فن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ خدا آپ کی روح کو سکون فراہم کرے۔ پہلوان بجرنگ پونيا نے کہا کہ پان سنگھ تومر، ہندی میڈیم، انگلش میڈیم وہ فلمیں ہیں جو آج بھی دیکھیں تو مزہ دیتی ہیں۔ کردار ایک صرف عرفان خان، انتہائی دکھ ہے آپ کے جانے کا، فلم دنیا کو ایک بڑا نقصان ہوا ہے۔ خدا آپ کی روح کو سکون دے۔


اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے عرفان کے ساتھ اپنی تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ایک اشتہار کے شوٹنگ کے دوران لیجنڈ کے ساتھ۔ سر آپ کے ساتھ گزارے ہوئے لمحے یادگار ہیں، آپ بہت یاد آئیں گے۔


Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔