روسی فوج میں شامل 27 ہندوستانیوں کو آزاد کرنے کی ہندوستان کی گزارش، یوکرین کے خلاف جنگ میں ہو رہا تھا استعمال

روس نے اپریل 2024 میں کہا تھا کہ اس نے ہندوستانی شہریوں کی بھرتی بند کر دی ہے۔ اس کے باوجود روسی فوج میں نوکری کے پُرکشش آفر سے ہندوستانیوں کو لبھانے کا سلسلہ جاری ہے۔

<div class="paragraphs"><p>وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جائسوال (فائل) / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان نے روس سے 27 ہندوستانی شہریوں کو فوراً رہا کرنے اور واپس بھیجنے کی اپیل کی ہے۔ ان ہندوستانیوں کو روسی فوج میں بھرتی کیا گیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہندوستان نے روسی افسروں سے اس معاملے کو اٹھایا ہے۔ ہندوستان نے پھر سے انتباہ کیا ہے کہ ایسی نوکری کی تجویز جان لیوا ہو سکتی ہے۔ یہ جانکاری ان کنبوں سے ملی ہے جن کے رکن روسی فوج میں شامل ہوئے ہیں۔

جیسوال نے کہا کہ ہندوستان نے روسی افسروں کے سامنے اس معاملے کو زوردار طریقے سے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے ماسکو میں روسی افسروں اور نئی دہلی واقع روسی سفارت خانہ کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا اور انہیں (ہندوستانیوں) کو جلد سے جلد خدمات سے آزاد کرنے کی گزارش کی۔‘‘ جیسوال نے کہا کہ ہم انہیں (وہاں سے) باہر نکالنے کی لگاتار کوشش کر رہے ہیں۔


روس نے اپریل 2024 میں کہا تھا کہ اس نے ہندوستانی شہریوں کی بھرتی بند کر دی ہے۔ اس کے باوجود روسی فوج میں نوکری کے پُرکشش آفر سے ہندوستانیوں کو لبھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ رپورٹس سے انکشاف ہوا ہے کہ ایک درجن سے زیادہ ہندوستانی مرد روسی فوجی یونٹس میں شامل ہونے کے لیے مجبور ہوئے ہیں۔ یہ مرد زیادہ تر کشمیر، پنجاب اور ہریانہ سے ہیں۔ انہیں یوکرین کے ساتھ جنگ میں اگلے مورچے پر تعینات کیا گیا ہے۔

ایسی خبریں سامنے آئی ہیں کہ اسٹوڈینٹس اور بزنس ویزا پر گئے کچھ ہندوستانیوں کو یوکرین میں جنگ کے مورچے پر تعینات روسی فوجی یونٹس میں جبراً بھرتی کیا گیا ہے۔ ہندوستان بار بار روس سے گزارش کرتا رہا کہ وہ روسی فوجی یونٹس میں رسوئیا اور ہیلپر جیسے معاون اہلکار کے طور پر کام کر رہے سبھی ہندوستانیوں کو خدمات سے آزاد کرے۔


واضح رہے کہ گزشتہ سال اپنے روس دورہ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی یہ معاملہ اٹھایا تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق روسی فوج میں بھرتی کیے گئے ہندوستانیوں کی تعداد اب 150 سے زیادہ ہے۔ یوکرین میں لڑائی کے اگلے مورچے پر لڑتے ہوئے کم سے کم 12 ہندوستانی مارے گئے ہیں جبکہ 96 کو روسی افسروں نے خدمات سے اذاد کر دیا۔ اب دیگر 16 کو لاپتہ اعلان کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔