منموہن سنگھ کی آخری رسومات کل ادا ہوں گی، کانگریس ہیڈکوارٹر سے آخری سفر کی تیاری
ہندوستان کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر حکومت نے سات دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا، اور کانگریس سمیت کئی جماعتوں نے اپنے پروگرام منسوخ کر دیے ہیں

ہندوستان کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر حکومت نے سات دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا، اور کانگریس سمیت کئی جماعتوں نے اپنے پروگرام منسوخ کر دیے ہیں۔ ملک بھر سے عوام اور رہنماؤں کی جانب سے تعزیت اور خراج تحسین کا سلسلہ جاری ہے۔
کانگریس ہیڈکوارٹر سے منموہن سنگھ کے آخری سفر کی تیاری
کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے اعلان کیا کہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات کل 28 دسمبر کو صبح 10 بجے سے 11 بجے کے درمیان ادا کی جائیں گی۔ ان کی آخری یاترا صبح 9:30 بجے دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر سے شروع ہوگی۔ تمام سیاسی رہنماؤں اور عوام کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا خراج عقیدت
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کا اجلاس آج شام 5:30 بجے دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر میں ہوگی۔ میٹنگ میں سی ڈبلیو سی کے مستقل اراکین اور خصوصی مدعو اراکین شرکت کریں گے۔
مرکزی کابینہ کا اجلاس کے دوران تعزیت قرارداد منظور
مرکزی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ اس اجلاس میں سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ملک کے لیے کیے گئے بے شمار خدمات کو یاد کیا گیا اور ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے ان کے انتقال پر ایک تعزیتی قرارداد منظور کی، جس میں ان کی اقتصادی اصلاحات اور ملک کی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا گیا۔ تمام اراکین نے ان کے کام کو یاد کرتے ہوئے، ان کے خاندان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا۔
وزیراعظم، سونیا، راہل اور پرینکا سمیت اہم شخصیات نے کئے منموہن سنگھ کے آخری دیدار
سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے آخری دیدار کے لیے متعدد اہم شخصیات ان کی رہائش گاہ پہنچیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے منموہن سنگھ کے جسد خاکی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی بھی منموہن سنگھ کے رہائش گاہ پہنچیں اور ان کے ان کے آخری دیدار میں کئے۔ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے بھی اپنی والدہ کے ساتھ سابق وزیراعظم کو ان کی رہائش گاہ پر خراج عقیدت پیش کیا۔ تمام رہنماؤں نے منموہن سنگھ کی خدمات کو سراہا اور انہیں یاد کیا۔
منموہن سنگھ کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی
سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی آخری رسوم کل (ہفتہ) صبح 10-11 بجے دہلی کے شکتی ستھل کے قریب خصوصی ریاستی پروٹوکول کے تحت ادا کی جائیں گی۔ ان کی بیٹی آج رات دیر گئے تک امریکہ سے دہلی پہنچیں گی۔ فی الحال، ڈاکٹر منموہن سنگھ کا جسد خاکی دہلی کے موتی لال نہرو مارگ پر واقع ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کے لئے رکھا گیا ہے۔ کل رات ایمس سے ان کا جسد خاکی یہاں لایا گیا، جہاں ان کے آخری دیدار کے لیے بڑی تعداد میں لوگ پہنچ رہے ہیں۔
منموہن سنگھ کے انتقال نے گہرا دکھ پہنچایا: وزیر اعظم مودی
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر وزیر اعظم مودی نے ایک جذباتی ویڈیو جاری کی۔ ویڈیو میں وزیراعظم مودی نے کہا، ’’ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال نے ہم سب کے دلوں میں گہرا دکھ پیدا کیا ہے۔ تقسیم کے دور میں بھارت آنا اور زندگی کے ہر شعبے میں کامیابیاں حاصل کرنا آسان بات نہیں تھی۔ ایک نیک انسان کے طور پر، ایک ماہر اقتصادیات کے طور پر انہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔‘‘
سابق وزیرِاعظم منموہن سنگھ کا انتقال ملک کے لیے بہت بڑی نقصان: لالو یادو
سابق وزیرِاعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر آر جے ڈی کے سربراہ لالو یادو نے کہا، ’’یہ ملک کے لیے بہت بڑی خسارہ ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ ایماندار رہنما تھے۔ میں انہی کی کابینہ میں وزیر تھا اور ان کی قیادت میں کام کیا۔ مجھے ان کا بہت بڑا تعاون حاصل رہا۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا ہے۔ میں خدا سے دعا گو ہوں کہ ان کی روح کو سکون عطا ہو۔‘‘
ڈاکٹر منموہن سنگھ کا انتقال، 92 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت
ڈاکٹر منموہن سنگھ، جو ہندوستان کے دو مرتبہ وزیراعظم رہ چکے ہیں، جمعرات کو دہلی کے ایمس میں انتقال کر گئے۔ انہیں شام کے وقت بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے رات 9:51 بجے آخری سانس لی۔ ڈاکٹر سنگھ کو طویل عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا اور ماضی میں بھی انہیں کئی بار علاج کے لیے اسپتال داخل ہونا پڑا تھا۔ ان کے انتقال کی خبر پر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے سات دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، اور ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ کل (28 دسمبر) ادا کی جائیں گی۔
کانگریس کے تمام پروگرام منسوخ، پارٹی پرچم سرنگوں
ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر کانگریس پارٹی نے 7 دن کے لیے اپنے تمام پروگرام منسوخ کر دیے ہیں، جن میں پارٹی کا یومِ تاسیس بھی شامل ہے۔ کانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے اعلان کیا کہ پارٹی کے دفاتر پر پرچم سرنگوں رہے گا اور تمام کارکنان اس المناک وقت میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ پارٹی نے کہا کہ ان کی قیادت اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی دور اندیش پالیسیوں نے ہندوستان کو نہ صرف اقتصادی طور پر مضبوط کیا بلکہ عالمی سطح پر اس کا وقار بلند کیا۔
امرتسر میں غم کی فضا، منموہن سنگھ کی یادیں تازہ
ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر امرتسر، جہاں انہوں نے اپنا بچپن گزارا، غمزدہ ہے۔ مقامی رہائشیوں نے ان کی زندگی اور خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی جڑوں سے جڑے رہے۔ ایک رہائشی نے کہا کہ "وہ 70-80 سال پہلے یہاں رہتے تھے اور رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد ایک بار امرتسر آئے تھے۔" لوگوں نے ان کے انتقال کو ایک قومی نقصان قرار دیا۔
کھڑگے اور راہل گاندھی کی دہلی آمد، کانگریس اجلاس ملتوی
کانگریس صدر مکلارجن کھڑگے اور سینئر رہنما راہل گاندھی بیلگاوی میں جاری ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ چھوڑ کر دہلی پہنچ گئے ہیں۔ بیلگاوی میں آج ہونے والی کانگریس کی ریلی اور دیگر سرگرمیوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ کانگریس کے رہنماؤں نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کو ملک کے لیے ایک عظیم نقصان قرار دیا۔
آخری رسومات کی تیاری، بیٹی کی آمد کا انتظار
ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات کل پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ ان کی ایک بیٹی، جو امریکہ میں ہیں، دہلی پہنچ رہی ہیں، جس کے بعد پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق رسومات کل دوپہر یا شام کو متوقع ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔