ہندوستانی سائنسدانوں نے بنائی سودیشی کووڈ-19 اینٹی باڈی ٹیسٹنگ کِٹ، دنیا حیران

ایلیسا کٹ ریپڈ اینٹی باڈی کٹ کی طرح ہے جو کہ خون میں اینٹی باڈی کی جانچ کرتی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ کوئی شخص کورونا وائرس کی زد میں ہے یا نہیں۔ آئی سی ایم آر کے افسران کے مطابق یہ زیادہ بھروسہ مند ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس انفیکشن کو روکنے کے لیے لگاتار ٹیسٹنگ ہو رہی ہے۔ ٹیسٹنگ ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جس سے اس وائرس کے پھیلنے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ نہ صرف دنیا بلکہ اب ہندوستان کے تمام سائنسداں اور ادارے اس وائرس کی ٹیسٹنگ کِٹ بنانے کی لگاتار کوشش میں مصروف ہیں۔ حالانکہ تھوڑی دیر سے ہی سہی لیکن ہندوستانی سائنسدانوں کو اس میں بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی، پونے نے کامیابی کے ساتھ ملک کی پہلی SARS-CoV-2, IgG ELISA ٹیسٹنگ کِٹ کو تیار کر لیا ہے۔

اس بات کی جانکاری مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے دی۔ انھوں نے بتایا کہ کووڈ-19 کی اینٹی باڈی کو ٹیسٹ کرنے میں یہ کِٹ اہم کردار نبھائے گی۔ اس کِٹ کے ذریعہ لوگوں کا بڑی تعداد میں ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے۔ ایلیسا کِٹ ریپڈ اینٹی باڈی کِٹ کی ہی طرح ہے جو کہ خون میں اینٹی باڈی کی جانچ کرتی ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ کوئی شخص کورونا وائرس سے انفیکشن ہے یا نہیں ہے۔ آئی سی ایم آر کے افسران کے مطابق ایلیسا کِٹ زیادہ بھروسہ مند اور سستی ہے۔ ایلیسا کِٹ کے زیادہ پروڈکشن کے لیے آئی سی ایم آر نے جائڈس کیڈیلا کے ساتھ مل کر شراکت داری کی ہے۔ اسے پہلے حیدر آباد کی ایک کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے ایک ایسی ریپڈ ٹیسٹ کِٹ کووڈ-19 کے لیے تیار کی ہے جس کا استعمال عام آدمی بھی اپنا کورونا وائرس ٹیسٹ کرنے میں اہل ہے۔


اہم بات یہ ہے کہ اس کِٹ کی قیمت محض 50 سے 100 روپے کے درمیان ہوگی جو کہ چین سے آنے والی کِٹ سے بہت سستی ہے۔ چین سے جو ٹیسٹنگ کِٹ منگائی جا رہی ہیں اس کی قیمت 400 سے 600 روپے ہے۔ اس کِٹ کے ذریعہ آپ اپنے آپ اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کر سکتے ہیں اور اس کے نتائج 96 فیصد درست ہوں گے۔ جینومکس بایوٹیک اِنک کمپنی کے فاؤنڈر پروفیسر پی رتناگری کا کہنا ہے کہ اہم بات یہ ہے کہ آپ کی ڈیوائس کتنی حساس ہے اور درست ہے۔ ہر طرح کا بخار کورونا نہیں ہوتا ہے۔ فلو یعنی بخار میں 80 فیصد کے کمپونینٹ ایک جیسے ہوتے ہیں۔ ایسے میں ہم 20 فیصد بخار پر کام کر رہے ہیں جو کہ کورونا وائرس سے متعلق ہو سکتے ہیں۔


یہ کِٹ ایک چھوٹے سے پاؤچ میں آئے گی، جس میں پلاسٹک کی ٹیسٹنگ کِٹ ڈیوائس ہوگی، جو کہ حمل ٹیسٹ کِٹ کی طرح ہی ہوگی۔ اس میں ایک دستانہ بھی ہوگا، ساتھ ہی میں ایک نیڈل، ڈراپر بھی ہوگا۔ ساتھ ہی اس کے استعمال کے لیے اس میں ایک مینوئل بھی دیا جائے گا جو کہ 10 الگ الگ زبانوں میں ہوگا۔ اس میں بتایا جائے گا کہ کس طرح آپ اس کٹ کے ذریعہ اپنا ٹیسٹ کر سکتے ہیں وہ سلسلہ وار طریقے سے بتایا جائے گا۔ پروفیسر رتناگری نے بتایا کہ ہم اس کِٹ کو آئی سی ایم آر کو اس ہفتے دیں گے۔ یہ سودیشی کِٹ ہوگی۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ روزانہ 50 ہزار کِٹ بنائی جا سکتی ہیں۔ حکومت کے ذریعہ اس کی اجازت ملنے میں تین ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 May 2020, 2:11 PM