بھارت جوڑو یاترا 15ویں روز میں داخل، پرمبیام جامع مسجد سے شروع ہوا آج کا سفر

کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک کو متحد کرنے کے لئے تمل ناڈو کے کنیاکماری سے شروع ہونے والی ’بھارت جوڑو یاترا‘ آج 15 ویں روز میں داخل ہو گئی ہے

بھارت جوڑو یاترا
بھارت جوڑو یاترا
user

قومی آوازبیورو

ایرناکولم: کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک کو متحد کرنے کے لئے تمل ناڈو کے کنیاکماری سے شروع ہونے والی ’بھارت جوڑو یاترا‘ آج 15 ویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، پارٹی لیڈران اور سول سوسائٹی سے وابستہ شخصیات پر مشتمل یہ یاترا فی الحال کیرالہ میں ہے اور ضلع ایرناکولم میں داخل ہو چکی ہے۔

یاترا آج جمعرات کے روز پرچم کشائی کے بعد صبح 6.30 بجے ایرناکولم کی پرمبیام جامع مسجد سے شروع ہوئی۔ جوکہ صبح 10 بجے تک کاراکوٹی کاپیلا جنکشن پر پہنچ کر ٹھہر جائے گی۔ وقفہ کے دوران راہل گاندھی دوپہر ایک بجے ایڈلکش انٹرنیشنل کنونشن سنٹر، انگامالی میں صحافیوں سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد شام 5 بجے دوسرے مرحلہ کا سفر چنرگارا بس اسٹاپ سے شروع ہوگا اور آج کی یاترا کا اختتام تھریسور کے چالاکوڈی میں ہوگا۔ یہیں کے کریسینٹ کنونشن سینٹر میں رات کا قیام ہوگا۔


دریں اثنا، راہل گاندھی نے یوسی کالج الووا میں واقع اس درخت پر جا کر بھی سلام پیش کیا جسے سال 1925 میں بابائے قوم مہاتما گاندھی نے اپنے ہاتھوں سے لگایا تھا۔ آم کے اس درخت کے برابر میں ہی راہل گاندھی نے بھی لکشدیپ سے لایا گیا ایک پودا لگایا۔ کانگریس پارٹی کے مطابق یاترا بھارت جو جوڑتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔ ترنگے کے ساتھ لوگوں کے جمِ غفیر کا سمندر لہرا رہا ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے گویا ہندوستان خود بھارت جوڑنے کے لئے نکل پڑا ہے۔

خیال رہے کہ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا 150 دن میں 3570 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گا۔ اس کا آغاز 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیاکماری سے ہوا تھا اور یہ جموں و کشمیر میں ختم ہوگی۔ 10 ستمبر کو کیرالہ میں داخل ہونے والی یہ یاترا یکم اکتوبر کو کرناٹک میں داخل ہونے سے قبل ریاست کے مختلف حصوں سے ہوتے ہوئے 19 دن میں 7 اضلاع میں 450 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔