افغانستان کی صورتحال پرحکومت مسلسل نظر رکھ رہی ہے: وزارت خارجہ

ہندوستان وہاں پر مقیم افغان سکھ اور ہندو کمیونٹی کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور جو بھی افغانستان سے واپس آنا چاہتا ہے ہندوستان اس کی مدد کرے گا۔

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

وزارت خارجہ نے کہا ہےکہ افغانستان کی صورتحال پر اعلی سطح پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور حکومت وہاں پھنسے ہندستانی شہریوں کی حفاظت اور ملک کے مفادات کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات کرے گی۔ وزار ت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق میڈیا کے سوال کے جواب میں کہاکہ کابل میں سیکورٹی صورتحال گزشتہ کچھ دنوں میں بہت خراب ہوئی ہے اور یہ بہت تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت افغانستان کے واقعات پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے۔ وہاں پھنسے لوگوں کی حفاظت اور ہندستانی مفادات کی حفاظت کے لئے باقاعدہ طورپر ایڈوائزری جاری کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی ان کی فوری طورپر واپسی کے لئے بھی کوشش کی جارہی ہے۔ وہاں پھنسے لوگوں کے لئے ہنگامی حالت میں رابطہ کرنے کے لئے نمبر جاری کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کمیونٹی کے اراکین کو بھی مدد پہنچائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بات کا پتہ ہے کہ اب بھی وہاں ہندستانی شہری ہیں جو واپس آنا چاہتے ہیں اور ہم ان کے ساتھ رابطہ قائم کئے ہوئے ہیں۔


انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ ہی ہم وہاں پر مقیم افغان سکھ اور ہندو کمیونٹی کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ جو بھی افغانستان سے واپس آنا چاہتا ہے ہم اس کی مدد کریں گے۔ ایسے بھی کئی افغانی شہری ہیں جنہوں نے ترقی، تعلیم اور لوگوں کے درمیان رابطہ بڑھانے میں ہمارے ساتھ شراکت داری کی تھی ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

باگچی نے کہاکہ کابل ہوائی اڈہ سے تجارتی پروازوں کو آج ملتوی کردیا گیا ہے جس سے لوگوں کو واپس لانے کی ہماری کوششوں میں رکاوٹ آئی ہے۔ ہم اس عمل کو شروع کرنے کے لئے پروازوں کے بحال ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔