ہندوستان کو ملی پہلی ’وندے بھارت سلیپر ٹرین‘، پی ایم مودی نے مالدہ میں دکھائی ہری جھنڈی
ہاوڑہ سے گواہاٹی کے لیے ٹرین سے سفر میں تقریباً 18 گھنٹے لگتے ہیں، لیکن وندے بھارت سلیپر ٹرین سے یہ سفر تقریباً 2.5 گھنٹے کم ہو جائے گا۔

ہندوستان کو ہفتہ کے روز، یعنی 17 جنوری کو ’وندے بھارت سلیپر ٹرین‘ کی سوغات مل گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کو آج ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ ٹرین ہاوڑہ سے گواہاٹی کے درمیان چلے گی۔ اس سے قبل جو بھی وندے بھارت ٹرینیں چل رہی تھیں، وہ صرف بیٹھنے والی تھیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ وندے بھارت سلیپر ٹرین شروع ہونے سے لوگوں کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ مسافروں کو خاص طور سے سفر کرنے میں کم وقت لگے گا۔ ہاوڑہ سے گواہاٹی کے لیے ٹرین سے سفر میں تقریباً 18 گھنٹے لگتے ہیں، لیکن وندے بھارت سلیپر ٹرین سے یہ سفر تقریباً 2.5 گھنٹے کم ہو جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ آج 4 نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی، جن میں نیو جلپائی گوڑی-ناگرکول امرت بھارت ایکسپریس، نیو جلپائی گوڑی-تروچیراپلی امرت بھارت ایکسپریس، علی پور دوار-ایس ایم وی ٹی بنگلورو امرت بھارت ایکسپریس اور علی پور دوار-ممبئی (پنویل) امرت بھارت ایکسپریس ٹرین شامل ہیں۔ ان چاروں ٹرینوں کے شروع ہونے سے طویل دوری کے کیفایتی اور بھروسہ مند ریل رابطہ میں بہتری ہوگی۔
دی گئی جانکاری کے مطابق جدید ہندوستان کی بڑھتی سفری ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے تیار کی گئی پوری طرح سے ایئرکنڈیشنڈ ’وندے بھارت سلیپر ٹرین‘ مسافروں کو کفایتی کرایہ پر ہوائی سفر جیسا تجربہ فراہم کرے گی۔ یہ طویل دوری کے سفر کو تیز، محفوظ اور زیادہ سہولت آمیز بنائے گی۔ ہاوڑہ-گواہاٹی (کاماکھیا) روٹ پر سفر کے وقت کو تقریباً 2.5 گھنٹے تک کم کر کے یہ ٹرین مذہبی سفر اور سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔ یہ ٹرین 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔