پارلیمنٹ کمپلیکس میں دھکا مکی: حزب اختلاف نے لوک سبھا اسپیکر کو لکھا خط، جمہوری اقدار کی خلاف ورزی قرار دیا
انڈیا بلاک نے لوک سبھا اسپیکر کو خط میں پارلیمنٹ میں دھکا مکی کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ خط میں راہل گاندھی پر حملے اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزی کا ذکر کیا گیا

تصویر بشکریہ ایکس
نئی دہلی: انڈیا بلاک کے رہنماؤں نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں پیش آنے والے دھکا مکی کے واقعے پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھا ہے۔ خط میں اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ انڈیا بلاک کے ارکان پارلیمنٹ پرامن احتجاج کر رہے تھے اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے سے ’مکر دوار‘ تک مارچ کر رہے تھے۔ تاہم، جب انہوں نے پارلیمنٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی تو انہیں روکا گیا۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پر حکمران جماعت کے تین ارکان پارلیمنٹ نے حملہ کیا، جو ان کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ نے ان کے ساتھ دھکا مکی اور دھمکیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی گئی، جو آئینی حقوق پر حملہ ہے۔
بی جے پی کے ایم پی پرتاپ سارنگی نے دعویٰ کیا کہ وہ سیڑھیوں پر کھڑے تھے جب راہل گاندھی کے دھکا دینے سے ایک رکن ان پر گر پڑا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے اسپتال جا کر زخمی ایم پی پرتاپ سارنگی اور مکیش راجپوت کی عیادت کی۔
ٹی ڈی پی کے ایم پی بیاریڈی شبری اور بی جے پی کی ایم پی بانسری سوراج نے راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس تنازعے پر کانگریس نے اسے جمہوری اقدار پر حملہ قرار دیا ہے اور لوک سبھا اسپیکر سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔