مانسون اجلاس سے قبل 19 جولائی کو ہوگی ’انڈیا اتحاد‘ کی میٹنگ، اپوزیشن کی حکمت عملی پر غور و خوض متوقع

مانسون اجلاس سے قبل انڈیا اتحاد کی آن لائن میٹنگ 19 جولائی کو شام 7 بجے منعقد ہوگی، جس میں اپوزیشن کی حکمت عملی، موجودہ سیاسی حالات اور انتخابی تیاریوں پر گفتگو کی جائے گی

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے دو روز قبل اپوزیشن 'انڈیا اتحاد' نے ایک اہم آن لائن میٹنگ طلب کی ہے، جو 19 جولائی کو شام 7 بجے منعقد ہوگی۔ میٹنگ میں ملک کے موجودہ سیاسی حالات، پارلیمانی اجلاس کے دوران اپوزیشن کی حکمت عملی اور آنے والے اسمبلی انتخابات پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔

یہ اطلاع کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعرات کی شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنما ملک کی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کے مشترکہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس میٹنگ کو حالیہ سیاسی ماحول اور آئندہ انتخابات کے تناظر میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ بہار میں اسمبلی انتخابات اگلے چند ماہ میں متوقع ہیں جبکہ مہاراشٹر میں بھی بلدیاتی اور ضلعی سطح کے انتخابات قریب ہیں۔ اس کے علاوہ جھارکھنڈ اور ہریانہ جیسی ریاستوں میں بھی انتخابی سرگرمیاں تیز ہونے والی ہیں۔

شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے حال ہی میں اس بات پر زور دیا تھا کہ انڈیا اتحاد کو فوراً میٹنگ کر کے انتخابی حکمت عملی پر غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اتحاد کی باقاعدہ میٹنگ ابھی تک نہیں ہوئی ہے جبکہ کئی ریاستوں میں انتخابات سر پر ہیں۔


ادھو ٹھاکرے کے اس بیان کے بعد انڈیا اتحاد کی میٹنگ کا اعلان سامنے آیا ہے۔ یہ میٹنگ آن لائن ہوگی تاکہ ملک بھر سے رہنما باآسانی شرکت کر سکیں۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 21 جولائی سے 21 اگست تک چلے گا۔ امکان ہے کہ مرکزی حکومت اس دوران کئی اہم بل پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔ وہیں اپوزیشن کی جانب سے بھی حکومت کو مختلف محاذوں پر گھیرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس میں مہنگائی، بے روزگاری، مانسون سے متعلق بحران، اور جمہوری اداروں کی خودمختاری جیسے موضوعات شامل ہیں۔

یہ بھی اطلاع ہے کہ مرکزی حکومت اجلاس سے قبل 20 جولائی کو کل جماعتی میٹنگ بلا سکتی ہے، تاکہ اجلاس کے دوران ایوان کی کارروائی پر تمام جماعتوں سے مشاورت کی جا سکے۔ انڈیا بلاک کی میٹنگ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی مہم پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ حکومت اس مہم کے ذریعے انتخابی فہرستوں میں من مانے طریقے سے تبدیلیاں کروا رہی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق انڈیا بلاک کی یہ میٹنگ صرف مانسون اجلاس کے لیے حکمت عملی طے کرنے تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اس کا مقصد اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تال میل کو بہتر بنانا اور آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو سخت چیلنج دینا بھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔