دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بنا ہندوستان، جاپان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے لہرایا پرچم
اب صرف امریکہ، چین اور جرمنی ہی ہندوستانی معیشت کے مقابلے میں بڑے ہیں ۔ نیتی آیوگ کے سی ای او بی وی آر سبرامنیم نے کہا ہے کہ ملک میں اقتصادی ماحول موافق ہے۔

ہندوستان نے جاپان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت ہونے کا خطاب حاصل کرلیا ہے۔ نیتی آیوگ کے سی ای او بی وی آر سبرامنیم نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے نیتی آیوگ کونسل کی 10ویں میٹنگ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہا کہ ہندوستان میں اقتصادی ماحول موافق ہے۔
بی وی آر سبرامنیم نے بتایا کہ آج ہندوستان 4000 ارب ڈالر کی معیشت ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’جیسا کہ میں بول رہا ہوں، ہندوستان اب دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن چکی ہے۔ ہماری معیشت 4 ٹریلین امریکی ڈالر کو پار کر گئی ہے۔ یہ میرا نہیں بلکہ آئی ایم ایف کا ڈاٹا ہے۔ ہندوستان اب جاپان سے آگے نکل گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اب صرف امریکہ، چین اور جرمنی ہی ہندوستانی معیشت کے مقابلے میں بڑے ہیں۔ اگر ہندوستان کی اقتصادی ترقی اسی رفتار سے آگے بڑھتی ہے تو آنے والے دو سے تین برسوں میں ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی ورلڈ اکنامک آؤٹ لُک (اپریل 2025) کی رپورٹ کے مطابق سال 2026 میں ہندوستان کا جی ڈی پی قریب 4,187 ارب ڈالر ہوگا۔ وہیں جاپان کا جی ڈی پی ممکن طور پر 4,186 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے۔ ہندوستان 2024 تک دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت تھی۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ہندوستان 2025 اور 2026 میں بالترتیب 6.2 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا۔ اس کے برعکس عالمی معیشت کی ترقی 2026 میں بالترتیب 2.8 فیصد اور 2026 میں 3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
میٹنگ کے دوران ’ترقی یافتہ ریاست سے ترقی یافتہ ہندوستان 2047‘ کے موضوع پر ریاستوں اور مرکز کے درمیان گہری بات چیت ہوئی تھی۔ نیتی آیوگ کے سی ای او نے بتایا کہ اس میٹنگ میں مینوفیکچرنگ، خدمات، دیہی اور شہری غیر زرعی علاقے، گرین اور سرکلر اکنامی جیسے اہم معاملوں پر بات ہوئی۔ سبرامنیم نے کہا کہ ہندوستان اب ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں سے اس کی معیشت بہت تیز رفتار سے آگے بڑھ سکتی ہے۔ ہم ٹیک آف اسٹیج میں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔