ایشین چیمپینز ٹرافی ہاکی: ہندوستان نے پاکستان کو 3-1 سے ہرایا

میچ کی شروعات ہندوستان کے لئے بے حد خراب رہی لیکن ایک گول سے پچھڑنے کے بعد ہندوستانی ٹیم جلد ہی سنبھلی اور اس نے پاکستانی خیمہ پر حملے شروع کر دئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان نے ایشین کپ ہاکی چیمپینز ٹرافی کے اپنے دوسرے میچ میں روایتی حریف پاکستان کو 3-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں لگاتار دوسرا میچ جیت لیا۔ ہفتہ کو کھیلے گئے مقابلہ میں ہندوستان نے پچھڑنے کے بعد زبردست واپسی کی اور پاکستان کو مات دی۔

میچ کی شروعات ہندوستان کے لئے بے حد خراب رہی۔ کھیل کے پہلے ہی منٹ میں پاکستان نے پینلٹی کارنر حاصل کر لیا۔ ہندوستانی ٹیم میدانی امپایر کے اس فیصلہ کے خلاف ریفرل پر گئی جہاں اسے مایوسی ہاتھ لگی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے اپنا ریفرل بھی گنوا دیا۔ پاکستان کے عرفان جونیر نے ریباؤنڈ پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

ایک گول سے پچھڑنے کے بعد ہندوستانی ٹیم جلد ہی سنبھلی اور اس نے پاکستانی خیمہ پر حملے شروع کر دئے۔ حالانکہ ہندوستان کی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی لیکن پاکستان پر دباؤ ضرور بن گیا۔ پہلا کوارٹر ختم ہونے تک ہندودستان 0-1 سے پیچھے تھا لیکن یہ احساس ہونے لگا تھا کہ اب برابری کا گول ہونے میں زیادہ وقت نہیں ہے۔

میچ کے 24ویں منٹ میں کپتان منپریت سنگھ نے بہترین ہاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی واپسی کرائی۔ منپریت نے تین پاکستانی ڈفینڈروں کے درمیان سے گیند کو نکال کر گول پوسٹ تک پہنچایا۔

ہاف ٹائم تک دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابری پر تھیں۔ ہاف ٹائم کے بعد دو منٹ میں ہی جونئر عالمی کپ کی فاتح ٹیم کے حصہ رہے مندیپ سنگھ نے پاکستانی حصار میں آکاشدیپ کی مدد سے جگہ بنائی اور اپنے پیروں کے درمیان سے گیند کو نکال کر پوکسانی گول پوسٹ تک پہنچا دیا۔ ہندوستان اب 2-1 سے آگے ہو گیا تھا۔

اس کے بعد نوجوان اسٹرائیکر دلپریت نے ٹورنامنٹ میں اپنا چوتھا گول کیا جو میچ میں ہندوستان کا تیسرا گول تھا۔ آکاشدیپ نے ایک مرتبہ پھر اچھا موو بناتے ہوئے اپنے دائیں کھڑے للت اپادھیائے کی جاب گیند بڑھائی۔ للت نے صحیح وقت پر گیند کو دلپریت کی طرف بڑھا دیا اور دلپریت نے گیند کو گول پوسٹ تک پہنچا دیا۔

اس سے قبل ہندوستان نے جمعہ کے روز عمان کو 11-0 سے شکست فاش دی تھی۔ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا اگلا مقابلہ اتوار کو جاپان سے ہوگا۔ ہندوتانی وقت کے مطابق یہ مقابلہ رات کے 10.30 بجے کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Oct 2018, 9:09 AM