’مشن شکتی‘ سے ملبہ کے 400 ٹکڑے خلاء میں ہوئے اکٹھا، ’ناسا‘ فکرمند

’مشن شکتی‘ کے بعد ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ اس تجربہ سے کسی طرح کا نقصان نہیں ہوا ہے اور خلاء میں بہت کامیابی کے ساتھ اس مشن کو مکمل کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امریکی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ نے ہندوستان کے ’مشن شکتی‘ پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ اس نے ہندوستان کے ذریعہ کیے گئے اینٹی سیٹلائٹ میزائل ٹیسٹ کی وجہ سے خلا میں کافی مقدار میں کچرا پھیلنے کی بات کہی ہے اور اس بات کو لے کر فکرمندی ظاہر کی ہے کہ اس کچرے سے دوسرے خلائی مشن کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دراصل ہندوستانی وقت کے مطابق منگل کے روز ناسا نے کہا کہ ’مشن شکتی‘ کی وجہ سے خلاء میں ملبے کے تقریباً 400 ٹکڑے اکٹھے ہو گئے ہیں اور یہ ملبہ انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے لیے جانے والے خلاء بازوں کو دقت میں ڈال سکتا ہے۔

’مشن شکتی‘ کے بعد ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ اس تجربہ سے کسی طرح کا نقصان نہیں ہوا ہے اور خلاء میں بہت کامیابی کے ساتھ اس مشن کو مکمل کیا گیا۔ لیکن ناسا کی طرف سے خلاء میں ملبہ پھیلنے کی بات سامنے آنے کے بعد کئی طرح کے سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ ناسا کی طرف سے خلاء میں ملبہ پھیلنے کی بات اس ادارہ کے سربراہ جم بریڈین اسٹائن نے کہی۔ پیر کے روز ناسا کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے ہندوستان کے ذریعہ پانچ روز قبل کیے گئے اس ٹیسٹ کا تذکرہ کیا۔ بریڈین اسٹائن نے کہا کہ سارے ٹکڑے اتنے بڑے نہیں ہیں جنھیں ٹریک کیا جا سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہماری اس پر نظر ہے اور ہم بڑے ٹکڑوں کو ٹریک کر رہے ہیں۔ ہم لوگ 10 سنٹی میٹر سے بڑے ٹکڑوں کی بات کر رہے ہیں۔ ایسے اب تک 60 ٹکڑے ملے ہیں۔‘‘ بریڈین اسٹائن نے یہ بھی بتایا کہ تقریباً 24 ٹکڑے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے اوپر چلے گئے ہیں۔

ناسا کے سربراہ نے خلاء میں موجود ملبہ کو ٹریک کرنے سے متعلق کہا کہ امریکی فوج اس طرح کے ملبوں کو خلاء میں ٹریک کرتی رہتی ہے تاکہ خلائی اسپیس اسٹیشن میں ان کے ٹکرانے کے امکانات کا پتہ لگ سکے۔ فوج اس وقت 10 سنٹی میٹر سے بڑے تقریباً 23 ہزار آبجیکٹ کو ٹریک کر رہی ہے جن میں سے 10 ہزار ٹکڑے اسپیس ملبے کا حصہ ہیں۔ ان 10 ہزار ٹکڑوں میں سے تین ہزار ٹکڑے چین کے ذریعہ 2007 میں کیے گئے انٹی سیٹلائٹ ٹیسٹ کی وجہ سے بنے تھے۔ اب ہندوستان کے ذریعہ کیے گئے ٹیسٹ کی وجہ سے گزشتہ دس دنوں میں ہی آئی ایس ایس کے ساتھ ٹکرانے کے امکانات 44 فیصد بڑھ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔