ہم آزادی کا دفاع کرتے رہیں گے: مرنال پانڈے

نیشنل ہیرالڈ گروپ کی ادارتی مشیر مرنال پانڈے نے کہا کہ ’’ہماری ٹیم بہت چھوٹی ہے لیکن ہمارے منصوبے اور ارادے بہت بڑے ہیں۔ ہم لوگ چوبیسوں گھنٹے ذمہ داری کے ساتھ اپنے کام میں مصروف رہتے ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

’’نوجیون کی کامیابی یقینی ہے کیونکہ اس کے پیچھے سچائی کی طاقت ہے۔ گاندھی جی نے جب نوجیون شروع کیا تھا تو انھوں نے دو منتر دیے تھے ’سچائی‘ اور ’سوراج‘ یعنی آزادی۔ پھر جب جواہر لال نہرو نے اسے شروع کیا تو آزادی مل چکی تھی لیکن وہ حساس ذہن کے مالک تھے اور جانتے تھے کہ آزادی پر ہمیشہ خطرہ منڈلاتا رہے گا اور اس لیے اس آزادی کے دفاع کی بات کی تھی۔ آج آزادی مشکل دور سے گزر رہی ہے اور یہ خطرے کی خاص گھڑی ہے۔‘‘

یہ باتیں پنجاب کی سرزمین پر ’سنڈے نوجیون‘ کے مہاتما گاندھی پر مشتمل خصوصی شمارہ کی رسم اجراء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ہیرالڈ گروپ کی ادارتی مشیر مرنال پانڈے نے کہیں۔ انھوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ’’ہماری ٹیم بہت چھوٹی ہے لیکن ہمارے منصوبے اور ارادے بہت بڑے ہیں۔ لگاتار ہم لوگ چوبیسوں گھنٹے اپنے کام میں مصروف رہتے ہیں۔ ہمارا آفس مدھو مکھی کا چھتہ ہے جس میں پورٹل اور پرنٹ ایڈیشن کے سبھی ساتھی ایک ساتھ کام کرتے ہیں، ایک دوسرے کا تعاون کرتے ہیں۔ ایک ایک آدمی چار چار طرح کا کام کرتا ہے۔ ایک ہی آدمی بھاگ کر میرا ویڈیو بناتا ہے اور پھر جا کر کسانوں کی ریلی کو بھی کور کرتا ہے۔‘‘

مرنال پانڈے نے نیشنل ہیرالڈ کے گروپ ایڈیٹر ظفر آغا صاحب کا بطور خاص تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تینوں ایڈیشن کا کام دیکھ رہے ہیں اور بہت ذمہ داری کے ساتھ حق کی آواز بلند کر رہے ہیں۔ ویب سائٹ کے تعلق سے اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’سال بھر کے اندر ہمارا اردو پورٹل www.qaumiawaz.com ہندوستان کا سب سے زیادہ پڑھا جانے والا پورٹل بن گیا ہے جو قابل تعریف ہے۔ ہندی پورٹل www.navjivanindia.com لانچ ہوتے ہی مقبول عام ہو چکا ہے اور اس کے ہٹس لگاتار بڑھ رہے ہیں اور انگریزی پورٹل www.nationalheraldindia.com کا بھی یہی حال ہے۔‘‘ ان سبھی پورٹل کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے مرنال پانڈے کہتی ہیں کہ ’’مجھے مکمل یقین ہے کہ نیوز پورٹل کے بعد پرنٹ ایڈیشن کو بھی کامیابی ملے گی۔‘‘

موجودہ دور میں اخبارات کو درپیش چیلنج کا تذکرہ کرتے ہوئے مرنال پانڈے نے کہا کہ جواہر لال نہرو نے ایک بار مشہور و معروف کارٹونسٹ شنکر سے کہا تھا کہ وہ ان کے بھی کارٹون بنائیں اور بے خوفی کے ساتھ بنائیں۔ لیکن آج کوئی کارٹونسٹ کسی سرکردہ لیڈر کا کارٹون بناتا ہے تو اسے بخشا نہیں جاتا۔ اپنی تقریر کے آخر میں ’نوجیون‘ اخبار کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’جب سے یہ نوجیون اخبار شروع ہوا ہے پانچ بار بند ہو چکا ہے۔ برٹش دور میں بھی یہ اخبار بند کیاگیا تھا اور اس کے بعد بھی بند ہوا۔ لیکن جیسے ہی موقع ملا ہم نے پھر اشاعت شروع کی۔ یہ چھٹی بار ہے، ہم پھر چھپ رہے ہیں، ہم پھر سامنے ہیں، ہماری سچ کی لڑائی پھر شروع ہو گئی ہے اور ہماری جو ذمہ داری ہے اسے ہم پورا کرتے رہیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Dec 2018, 3:05 PM
/* */