دہلی میٹرو میں اسمارٹ کارڈ کے استعمال میں ہوا اضافہ

ڈی ایم آر سی نے کہا کہ ہم سنگاپور اور ہانگ کانگ میٹرو کی طرح اس اعداد و شمار کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں تقریباً 100 فیصد لوگ کارڈ کے ذریعے روزانہ پرلطف سفر کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

میٹرو کارڈ
میٹرو کارڈ
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے اتوار کو کہا کہ میٹرو میں باقاعدہ سفر کے لئے مسافروں کے ذریعہ اسمارٹ کارڈ کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ جنوری 2022 میں، سفر کے لیے اسمارٹ کارڈ کا استعمال بڑھ کر تقریباً 78 فیصد ہوگیا ہے، جو کہ کووِڈ کی مدت سے پہلے 70 فیصد تھا۔

ڈی ایم آر سی نے کہا کہ میٹرو اسٹیشنوں سے روزانہ اوسطاً 10-12 ہزار میٹرو اسمارٹ کارڈ فروخت ہوتے ہیں۔ اسمارٹ کارڈ کے ذریعہ سفر کرنے پر 10 فیصد رعایت دی جاتی ہے اور کم بھیڑ والے وقت (آف پیک آور) میں میٹرو اسٹیشن میں داخلے پر 10 فیصد اضافی رعایت دی جاتی ہے۔ اس وقت تقریباً 2.5 کروڑمیٹرو اسمارٹ کارڈ استعمال میں ہیں۔


سال 2002 میں، دہلی میٹرو سفر کے لیے کاغذی ٹکٹوں کی جگہ ٹوکن (کنٹیکٹ لیس اسمارٹ ٹوکن) اور اسمارٹ کارڈز (کانٹیکٹ لیس اسمارٹ کارڈ) جاری کرنے والے ادارے کے طور پر دنیا کی پہلی میٹرو ریل بنی۔ قابل ذکر ہے کہ سال 2020 میں دہلی میٹرو میں تین سے چار مہینے کے لئے اسمارٹ کارڈز کا استعمال 100 فیصد ہوگیا تھا جب 169 دنوں کے مسلسل لاک ڈاؤن کے بعد ستمبر 2020 میں میٹرو خدمات دوبارہ بحال ہوئی تھیں۔

ڈی ایم آر سی نے کہا کہ ہم دیگر میٹرو سسٹمس جیسے سنگاپور اور ہانگ کانگ میٹرو کی طرح اس اعداد و شمار کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں میٹرو سے سفر کرنے والے تقریباً 100 فیصد لوگ کارڈ کے ذریعے روزانہ ہموار اور پرلطف سفر کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔