دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، جانیں عمان، مصر، چین اور امریکہ کا حال

عمان میں کورونا کے 1311 نئے معاملے، کل 65504 متاثرین؛ مصر میں کورونا انفیکشن کے 698 نئے معاملے؛ چین میں کورونا انفیکشن کے 16 نئے معاملے؛ امریکہ میں کووڈ۔ 19 سے 1.40 لاکھ اموات

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

امریکہ میں کووڈ۔ 19 سے 1.40 لاکھ اموات

واشنگٹن: عالمی وبا کورونا وائرس سے سنگین طور پر نبرد آزما امریکہ میں اس کے انفیکشن سے 1.40 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ امریکہ میں یہ وبا کافی پھیل چکی ہے اور اب تک 37 لاکھ سے زیادہ لوگ اس کی زد میں آچکے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ کے مرکز (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری کئے گئے تازہ اعداد و شماور کے مطابق امریکہ میں کورونا سے مرنلے والوں کی تعداد 140103 ہوگئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 37 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

امریکہ میں 11 لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا سے مکمل طور پر ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ امریکہ کا نیویارک اور نیو جرسی صوبہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ تنہا نیویارک میں کورونا انفیکشن کے چار لاکھ سے زیادہ معاملوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 32 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہیں۔ نیو جرسی میں اب تک کورونا انفیکشن کے ایک لاکھ سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ 15 ہزار سے زیادہ لوگوں کی اس وبا سے موت ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ میسے چوسیٹس، مشی گن، الینایس، کیلی فورنیا اور پنسلوانیہ جیسے صوبےبھی کووڈ۔ 19 کے قہر کا سامنا کررہے ہیں۔ ان سبھی صوبوں میں کورونا سے چھ ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ کیلی فورنیا، ٹیکساس اور فلوریڈا میں کورونا انفیکشن کے تین لاکھ سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں۔

عمان میں کورونا کے 1311 نئے معاملے، کل 65504 متاثرین

مسقط: عمان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس متاثرین کے 1211 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ کل متاثرین کی تعدا د65 ہزار سے زیادہ ہوکر 65504 ہوگئی ہے۔ عمان کی وزارت صحت نے سنیچر کو ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔ کورونا متاثرین کے نئے معاملوں میں 1078 عمان کے شہری ہیں۔

اس دوران کورونا کے 1322 مریض مکمل طور پر ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ عمان میں اب تک 42772 لوگ اس انفیکشن سے نجات پاچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عمان میں کورونا سے 10 اور لوگوں کی موت ہونے سے متاثرین کی تعداد 308 ہوگئی ہے۔


مصر میں کورونا انفیکشن کے 698 نئے معاملے

قاہرہ: مصر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس انفیکشن سے 63 لوگوں کی موت ہونے سے ملک میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 4251 ہوگئی ہے۔ مصر کی وزارت صحت کے ترجمان خالد موگادیہ نے سنیچر کو بتایا کہ اس دوران کورونا انفیکشن کے 698 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے متاثرین کی کل تعداد 87 ہزار سے متجاوز ہوکر 87172 ہوگئی ہے۔

یہ مسلسل 10 واں دن ہے جب مصر میں نئے معاملوں کی تعداد ایک ہزار سے نیچے رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 19 جون کو مصر میں کورونا انفیکشن کے ریکارڈ 1774 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ اس دوران، کورونا سے متاثر 566 مریضوں کومکمل طور پر ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ وزارت کے مطابق ملک میں اب تک 27868 لوگ پوری طرح اس سے انفیکشن سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ مصر میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ 14 فروری کو سامنے آیا تھا جبکہ 8 مارچ کو ملک میں اس وبا سے پہلی موت ہوئی تھی۔ مصر میں سرکار آہستہ آہستہ مرحلہ وار طریقے سے پابندیاں ہٹاکر کئی طرح کی معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ مصر میں حکومت نے تین مہینے سے زیادہ وقت سے بند پڑی بین الاقوامی پروازوں کو بھی یکم جولائی سے شروع کردیا ہے۔ حکومت نے شرائط اور ضابطوں کے ساتھ ریستوراں، کیفے، تھیئٹر، ہوٹلوں، میوزیم کے علاوہ سیاحت مقامات کو کھولنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

چین میں کورونا انفیکشن کے 16 نئے معاملے

بیجنگ: چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس انفیکشن کے 16 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں، جن میں سے 13 مقامی جبکہ تین باہر سے آئے ہوئے معاملے ہیں۔ چین کے قومی صحت کمیشن کی جانب سے اتوار کو جاری یومیہ رپورٹ کے مطابق مقامی انفیکشن کے معاملوں میں سبھی شمال۔ مغربی چین کے شن جیانگ اوئیگر علاقے کے ہیں۔ چین کے قومی صحت کمیشن کے مطابق اس دوران کورونا سے کسی بھی شخص کی موت نہیں ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Jul 2020, 10:21 AM