انوراگ کشیپ اور تاپسی پنو کی رہائش پر انکم ٹیکس کی ریڈ، مہاراشٹر کے وزیر نے کہا- ’انتقامی کارروائی‘

محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری کے حوالے سے مہاراشٹر حکومت میں کابینہ وزیر اور کانگریس کے لیڈر اشوک چوان نے سوال اٹھاتے ہوئے اسے مودی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔

انوراگ کشیپ، تاپسی پنو / تصویر آئی اے این ایس
انوراگ کشیپ، تاپسی پنو / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: بالی ووڈ کے ڈائریکٹر انوراگ کشیپ، اداکارہ تاپسی پنو اور مدھو منٹینا کی رہائش پر محکمہ انکم ٹیکس نے بدھ کے روز چھاپہ ماری انجام دی۔ مدھو منٹینا کی ٹیلنٹ منیجمنٹ کمپنی ’کوان‘ (Kwaan) کے دفتر پر بھی محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداران کے پہنچنے کی اطلاع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ چھاپہ ماری کپمنی ’فینٹم فلمز‘ کے حوالہ سے ٹیکس چوری کے سلسلہ میں کی جا رہی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اور کانگریس لیڈر اشوک چوہان نے اس چھاپہ ماری کو مودی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ میں محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ ٹیکس چوری کے معاملہ میں فینٹم فلمز سے وابستہ جن لوگوں کے خلاف چھاپہ ماری کی گئی ہے، ان میں انوراگ کشیپ، تاپسی پنو، وکاس بہل اور دیگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد دیگر لوگوں کی بھی فلموں میں ٹیکس چوری کے تعلق سے تلاش کی جا رہی ہے۔


انڈیا ٹوڈے کے مطابق ممبئی اور پونے میں تقریباً 20 سے 22 مقامات پر محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے تلاشی لی جا رہی ہے۔ جن ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے ہیں ان میں انوراگ کشیپ، تاپسی پنو، مدھو منٹینا، وکاس بہل اور دیگر کے علاوہ فینٹم فلمز اور دیگر تین اداروں کے دفاتر شامل ہیں۔ خیال رہے کہ انوراگ کشیپ، مدھو منٹینا، وکرمادتیہ موٹوانی اور وکاس بہل نے سال 2011 میں فینٹم فلمز کا قیام کیا تھا۔ تاہم اس کمپنی کو سال 2018 میں ہی بند کر دیا گیا تھا۔

محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری کے حوالے سے مہاراشٹر حکومت میں کابینہ وزیر اور کانگریس کے لیڈر اشوک چوان نے سوال اٹھاتے ہوئے اسے مودی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ وہیں، شیو سینا کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے ٹوئٹ کیا، ’’امید ہے کہ ہمارے ملک کا محکمہ انکم ٹیکس جلد غلامی کی صورت حال سے باہر آئے گا۔ ایسی ہی امید ای ڈی اور سی بی آئی کے لیے بھی۔‘‘


خیال رہے کہ انوراگ کشیپ مرکزی حکومت کی پالسیوں کے خلاف بے باکی سے رائے کا اظہار کرتے رہے ہیں، جبکہ تاپسی پنو نے نئے زرعی قوانین کے حوالہ سے کسانوں کے حق میں آواز اٹھائی تھی۔ اس معاملہ پر مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا ہے کہ ہر معاملہ کو سیاست کی نظر سے دیکھنا صحیح نہیں ہے۔ تفتیشی ایجنسیاں اپنا کام کر رہی ہیں اور یہ معاملہ کورٹ میں بھی جائے گا۔

گزشتہ مہینے ہی بالا جی ٹیلی فلمز کی نئی ڈویزن نے ’دوبارہ‘ فلم کا ٹیزر ریلیز کیا تھا۔ فلم میں تاپسی پنو اہم کردار میں ہیں اور انوراگ کشیپ اس تھرلر کی ہدایت کاری انجام دینے والے ہیں۔ اس فلم کے ٹیزر میں تاپسی اور انوراگ دونوں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */