ٹی ڈی پی رکن پارلیمنٹ سی ایم رمیش کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری

رمیش نے چھاپہ ماری کی مذمت کرتے ہوئے کہا، ’’چھاپوں کے ذریعہ مرکزی حکومت آندھرا میں آنے والی سرمایہ کاری کو روکنے کی کوششیں کر رہی ہے لیکن اے پی کے مفادات پر کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: آندھراپردیش کی حکمران جماعت تلگودیشم کے رکن راجیہ سبھا سی ایم رمیش کے دفاتر پرآئی ٹی کے افسروں نے چھاپے مارے۔ان کے آبائی ضلع کڑپہ کے ایرگنٹلہ منڈل کے پوٹلادُرتی میں واقع ان کے مکان سمیت حیدرآباد میں واقع مکان، ان کی کمپنی کے دفاتر پر آئی ٹی کے 30 افسروں نے چھاپے مارے۔

جمعہ کی صبح تقریبا آٹھ بجے پوٹلادُرتی میں واقع ان کے مکان آئی ٹی کے 15افسر پہنچے ۔اس وقت رمیش کے بھائی سی ایم سریش ہی مکان میں موجود تھے۔افسروں نے ان کو مکان کے باہر کرکے دروازے لگادیئے۔

آئی ٹی کے افسروں نے تمام کمروں کی تلاشی لی ۔بتایاجاتا ہے کہ بعض دستاویزات کی بھی افسروں نے جانچ کی۔ساتھ ہی حیدرآباد کے علاقہ جوبلی ہلز میں سی ایم رمیش کے مکان سمیت ان کے ادارہ رتویک پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے دفتر کی بھی تلاشی لی گئی۔اسی دوران رمیش نے ان چھاپوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جماعت تلگودیشم نے ریاست سے مرکز کی ناانصافی نے آوازاٹھائی تھی جس پر ان کو نشانہ بناتے ہوئے یہ کارروائی کی گئی۔وہ فی الحال دہلی میں ہیں۔

انہوں نے اس سلسلہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان چھاپوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان آئی ٹی چھاپوں میں مرکزی حکومت کا ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے چھاپوں کے ذریعہ مرکزی حکومت انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اے پی میں آنے والی سرمایہ کاری کو روکنے کے لئے یہ کوششیں مرکزی حکومت کی جانب سے کی جارہی ہیں تاہم کسی بھی سازش کے باوجود اے پی کے مفادات پر کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔