اسکول میں اسپورٹ سنٹر کا افتتاح ’کھودا پہاڑ نکلی چوہیا‘ اور ’اونٹ کے منہ میں زیرا‘ کے مترادف: ڈاکٹر نریش کمار
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ ’’ہر انتخاب سے قبل بی جے پی اپنے انتخابی منشور میں اسپورٹس یونیورسٹی بنانے کا وعدہ کرتی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اتنے سال گزرنے کے بعد بھی وہاں ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی۔‘‘

نئی دہلی 24 ستمبر 2025: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ نے آج ہیرنکڈنا گاؤں واقع ’سی ایم شری‘ اسکول میں اسپورٹ سنٹر اور ٹریک کا افتتاح صرف دکھاوے کے لیے کیا ہے۔ جبکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ اس کے بالکل ساتھ والی 110 ایکڑ زمین سالوں سے خالی پڑی ہوئی ہے، جسے 97-1996 میں اس وقت کی حکومت نے دہلی اسپورٹ یونیورسٹی کے نام پر حاصل کیا تھا، لیکن آج تک وہاں ترقیاتی کام شروع نہیں ہوا۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ ہر انتخاب سے قبل بی جے پی اپنے انتخابی منشور میں اسپورٹس یونیورسٹی بنانے کا وعدہ کرتی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اتنے سال گزرنے کے بعد بھی وہاں ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی۔ انہوں نے طنز کستے ہوئے کہا کہ اسکول میں اسپورٹ سنٹر کا افتتاح کرنا ’کھودا پہاڑ نکلی چوہیا‘ اور ’اونٹ کے منہ میں زیرا‘ کے مترادف ہے۔ یہ دہلی کے اسپورٹس ٹیلنٹ کے ساتھ مذاق کرنے اور عوام کو دھوکہ دینے کی ایک اور مثال ہے۔
کانگریس ترجمان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’دہلی گرامودیا یوجنا‘ کے نام پر کروڑوں روپے کے منصوبے کا افتتاح تو دکھایا جا رہا ہے، لیکن گاؤں کی حقیقی بنیادی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔ آج بھی نہ کوئی نیا اسکول، نہ کوئی کالج اور نہ ہی ایسے ادارے بنائے گئے ہیں جہاں سے بچوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع مل سکیں۔ صرف دکھاوے والے منصوبوں سے گاؤں کا مستقبل نہیں بدلے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جن گاؤں میں سالوں سے اسپورٹس یونیورسٹی پر کام شروع نہیں ہوا ہے، وہاں 700 کروڑ روپے کی ترقی کی بات صرف انتخابی مہم اور کاغذی افتتاح تک ہی محدود ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی زمین برسوں سے خالی پڑی ہے اور اب اس پر سماج دشمن عناصر کا قبضہ بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے علاقے میں ناخوشگوار واقعات رونما ہورہے ہیں۔ گاؤں والے اس بات پر سخت ناراض ہیں کہ وزیر اعلیٰ کو یونیورسٹی کے تعمیراتی کام کا آغاز کرنا چاہیے تھا نہ کہ محض چھوٹے چھوٹے افتتاح۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ 97-1996 میں ہیرنکڈنا، ٹکری، نیلوال، اور گھیورا موڑ کی تقریباً 110 ایکڑ زمین خاص طور پر اسپورٹس اسکول اور اسپورٹس یونیورسٹی کے لیے حاصل کی گئی تھی۔ اس وقت بڑے زور و شور سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہاں بین الاقوامی سطح کی یونیورسٹی اور اسپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں گے لیکن آج تک یہ منصوبہ صرف کاغذوں تک ہی محدود ہے۔ اس لیے دہلی کانگریس نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ گھیورا گاؤں میں سالوں سے زیر التوا دہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا قیام فوری طور پر کیا جائے تاکہ دہلی کے کھیلوں کے ہنر کو حوصلہ مل سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔