دہلی وقف بورڈ کے نو تعمیر شدہ آفس کا افتتاح

وقف بورڈ نے اپنے سماجی کاموں سے سب کو متاثر کیا: سنجے سنگھ، دہلی وقف بورڈ پورے ہندوستان میں اپنی مثال آپ: امانت اللہ خان

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی وقف بورڈ کے دریا گنج واقع مرکزی آفس کی تزئین شدہ عمارت کا ہفتہ کے روز عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ اور بورڈ چیئرمین امانت اللہ خان کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ وقف بورڈ کے مرکزی آفس کی تزئین کاری کا کام گزشتہ کئی ماہ سے چل رہا تھا جس میں بورڈ کی عمارت کی اصلاح و مرمت کے ساتھ عملہ کے لئے کام کرنے کی جگہ اور دیگر سہولیات پر برق رفتاری سے کام ہوا اور ایک طرح سے پورے وقف بورڈ آفس کی کایا پلٹ ہو گئی ہے۔

دہلی وقف بورڈ کے نو تعمیر شدہ آفس کا افتتاح

وقف بورڈ آفس کی عمارت پہلے نہایت خستہ حالت میں تھی جہاں عملہ کے لئے کام کرنے کے لئے سیٹوں تک کا بھی انتظام نہیں تھا اب جہاں پورے آفس کی تجدیدکاری اور تزئین کاری کی گئی ہے وہیں پورے عملہ کے لئے کیبن بناکر پیشہ وارانہ ماحول میں کام کرنے کی سہولت مہیا ہوگئی ہے جس سے آفس کا عملہ بہت خوش ہے۔ افتتاح کے موقع پر راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بورڈ کا آفس دیکھ کر آج بہت خوشی ہو رہی ہے اور سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ دہلی وقف بورڈ نے سماجی کاموں کے ذریعہ اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔


سنجے سنگھ نے کہا کہ وقف بورڈ کا کام ہے غریبوں، بیواؤں اور یتیموں کی مدد کرنا اور اگر بورڈ خود یتیمی کی حالت میں ہوگا تو وہ دوسروں کی کیا مدد کرے گا۔ انہوں نے آگے کہا کہ آپ کے آفس میں تمام سہولیات مہیا کراکر بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے ایک تاریخی کام کیا ہے اور آج بورڈ میں پیشہ ورانہ ماحول میں کام کرنے کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کا بھی سہارا لیا جا رہا ہے جس سے کام اور اچھا ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امانت اللہ خان نے بہت اچھا کام کیا ہے اور بورڈ کے آفس کو اچھا بنانے سے ورک کلچر کا فروغ ہوگا جس کی بہت زیادہ ضرورت تھی۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ پہلے وقف بورڈ میں بہت بدعنوانی تھی اب نہ صرف بدعنوانی ختم ہوئی ہے بلکہ دہلی وقف بورڈ منافع میں ہے۔

بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ آج دہلی وقف بورڈ پورے ہندوستان میں اپنی مثال آپ ہے، انہوں نے کہا کہ پہلے بورڈ کے پاس کام کرنے کے نام پر ایک خستہ حال عمارت تھی جہاں عملہ کے لئے بیٹھنے کی بھی گنجائش نہیں تھی مگر آج نہ صرف پورے آفس کی تزئین کاری کی گئی ہے بلکہ آفس عملہ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ورک کلچر میں بہت تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورا آفس ایئرکنڈیشن اور سی سی ٹی وی کیمروں سے لیس ہے۔


امانت اللہ خان نے بتایا کہ پہلے وقف بورڈ کی آمدنی چند لاکھ روپیہ تھی مگر آج بورڈ کی آمدنی کروڑوں روپیوں میں ہے اور ہمارے یہاں سے کوئی بھی ضرورتمند آج خالی ہاتھ نہیں جاتا ہے۔ امانت اللہ نے آگے کہا کہ آج ہم ہزاروں بیواؤں کی یتیموں کی اور ضرورت مند طلبا کی مدد کر رہے ہیں اور غریب و بے سہارا لوگوں کا علاج بھی کرا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی ذمہ داری ایک کانٹوں بھرا تاج ہے جسے ادا کرنا آسان نہیں ہے لیکن ہم نے یہاں بے انتہا محنت کرکے ایسا ماحول بنا دیا ہے کہ آئندہ لوگوں کو یہاں کام کرنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی اور بورڈ کے عملہ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس سے کام کی رفتار کبھی سست نہیں پڑے گی۔

دہلی وقف بورڈ کے نو تعمیر شدہ آفس کا افتتاح

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔