یوگی حکومت میں قرض معافی کے باوجود کسانوں سے وصولی: اکھلیش

مدن پال پانڈے پر اسٹیٹ بنک آف انڈیا کا 58682روپے قرض تھا۔ حکومت نے ان کا قرض معاف کرکے سرٹیفکیٹ بھی دے دیا تھا لیکن ان کے اکاؤنٹ میں گنے کی ادائیگی کے 65ہزار روپے آتے ہی بنک نے 58682روپے کاٹ لئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنو: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ اترپردیش میں قرض معافی کے باوجود بنک کسانوں سے وصولی کررہے ہیں۔

یادو نے کہاکہ میرٹھ کے جمال پور گاؤں کے کسان مدن پال پانڈے پر اسٹیٹ بنک آف انڈیا کا 58682روپے قرض تھا۔ حکومت نے ان کا قرض معاف کرکے سرٹیفکیٹ بھی دے دیا تھا لیکن ان کے اکاؤنٹ میں گنے کی ادائیگی کے 65ہزار روپے آتے ہی بنک نے 58682روپے کاٹ لئے۔ پانڈے سرٹیفکیٹ لےکر در در بھٹک رہے ہیں لیکن کہیں کوئی مدد نہیں مل رہی ہے۔

انہو ں نے کسان سے نامہ نگاروں کو سرٹیفکیٹ بھی دکھانے کےلئے کہا ۔ کسان کے ساتھ آئے جمال پور کے پردھان گورو چودھری کا کہنا تھا کہ ان کے گاؤں کے آس پاس 12گاؤں ایسے ہیں جن میں 35کسانوں کے ساتھ اس طرح کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے کہنے اور کرنے میں فرق ہے۔ کسان پریشان ہیں ۔ کوئی سننے والا نہیں ہے۔

خیال رہے کہ یوگی حکومت نے 86لاکھ کسانوں کے ایک لاکھ روپے تک کے قرض کومعاف کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے لئے 36ہزار کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے۔

ایس پی صدر نے کہاکہ مہوبا میں 27کسانوں نے قرض معافی کے انتظار میں جان دے دی ، لیکن سرکاری مدد نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملازمت نہیں دے رہی ہے البتہ اعظم خان جیسے ملازمت دینے والوں کے خلاف جانچ کی بات ضرور کررہی ہے۔

اکھلیش یادو نے اعظم خان کو جان بوجھ کر پریشان کرنے کا الزام لگایاا ور کہاکہ حکومت خان کو بدنام کررہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو سی بی آئی اور ای ڈی کا خوف دکھایا جارہا ہے۔ ایلی ویٹڈ سڑک کا پھر سے افتتاح کیا گیا۔ اسی طرح لکھنؤ میٹر وکا بھی پھر سے افتتاح کیا گیا ۔

اکھلیش یادو نے کہاکہ کئی پروجیکٹ ایسے ہیں جو ایس پی حکومت نے بنوائے تھے لیکن افتتاح کرتے وقت وزیراعلی جی ایس پی کا ذکر تک نہیں کرتے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی حکومت کے دوران چلائی گئی کئی اسکیموں کو مرکز نے نوآبجکیشن سرٹی فکیٹ ہی نہیں دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔