بی جے پی اور اس کے اتحادی جماعتوں کے لیڈر چوروں کی بارات دکھائی دیتی ہیں: شیو پال یادو
شیو پال یادو نے کہا کہ سنگم تٹ پر شنکراچاریہ اوی مکتیشورانند کی توہین کی جا رہی ہے۔ افسران لگاتار بے عزتی کر رہے ہیں اور حکومت میں بیٹھے وزیر خاموش ہیں۔

سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی جنرل سکریٹری شیو پال سنگھ یادو نے ہفتہ کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی اتحادی جماعتیں چوروں کی بارات دکھائی دیتی ہیں۔اپنے حلقۂ انتخاب جسونت نگر میں ہندو ودیالیہ کے سالانہ جشن میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادی جماعتوں کے لیڈر ایک دوسرے کو گالیاں دینے میں لگے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کو چور کہہ رہے ہیں۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ پوری بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتیں چوروں کی بارات نظر آتی ہیں۔
یوگی حکومت کے وزیر انل راج بھر کی جانب سے وزیر اوم پرکاش راج بھر کو چور کہے جانے کے سوال پر شیو پال نے کہا، ’’یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ بی جے پی اور اس کے اتحادی سب کے سب چور جیسے ہی ہیں، کچھ باتیں سامنے آ جاتی ہیں اور کچھ سامنے نہیں آ پاتیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ سنگم تٹ پر شنکراچاریہ اوی مکتیشورانند کی توہین کی جا رہی ہے۔ افسران لگاتار بے عزتی کر رہے ہیں اور حکومت میں بیٹھے وزیر خاموش ہیں۔ حکومت سناتن دھرم اور شنکراچاریہ کی توہین میں لگی ہوئی ہے۔ بی جے پی کسی کا احترام نہیں کرتی۔ ایسے انعقاد میں سنتوں کا بڑا کردار ہوتا ہے اور سنتوں کو ہی اسنان نہیں کرنے دیا گیا اس سے بڑی بدقسمتی کیا ہو سکتی ہے۔
شیو پال نے کہا کہ ملک کے چار شنکراچاریوں میں سے ایک کی توہین کی گئی ہے اور حکومت ان کے اسنان تک کا انتظام نہیں کر سکی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس حکومت نے دس سال میں کوئی کام نہیں کیا، ریاست میں قانون و نظم نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور ہر طرف بدعنوانی کا بول بالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شنکراچاریہ کی توہین کے معاملے پر وزیر اعلیٰ کچھ کہتے ہیں اور نائب وزیر اعلیٰ کچھ اور، دونوں کے الگ الگ بیانات اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ وہ سب جھوٹے ہیں۔ پنچایت انتخابات مؤخر کیے جانے کے سوال پر شیو پال سنگھ یادو نے کہا کہ پنچایت انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئے یہی اصل نظام ہے اور اسی کے مطابق انتخابات کرائے جانے چاہئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔