مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں ’نیشنل کوانٹم مشن‘ کو ملی منظوری، سنیماٹوگراف ایکٹ 2023 لانے کا بھی فیصلہ

کوانٹم تکنیک میں عام کمپیوٹر سے کئی گنا زیادہ ڈاٹا کئی گنا کم وقت میں پروسیس کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے، امید کی جا رہی ہے کہ مواصلات، صحت، فارما، وغیرہ شعبوں میں اس تکنیک کا استعمال ہو سکتا ہے۔

انوراگ ٹھاکر، تصویر یو این آئی
انوراگ ٹھاکر، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منگل کے روز مرکزی کابینہ کی انتہائی اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں کچھ اہم فیصلے لیے گئے جس میں ’نیشنل کوانٹم مشن‘ کی منظوری بھی شامل ہے۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’نیشنل کوانٹم مشن‘ کے لیے منظوری وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے دے دی ہے۔ اس کے لے 6003 کروڑ روپے کے بجٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ نیشنل کوانٹم مشن کے لیے مدت کار 24-2023 سے 31-2030 تک مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کوانٹم تکنیک میں عام کمپیوٹر سے کئی گنا زیادہ ڈاٹا کئی گنا کم وقت میں پروسیس کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ مواصلات، صحت، فارما، مالیاتی شعبہ، توانائی، دفاع اور ڈاٹا سیکورٹی معاملوں میں اس کا استعمال ہو سکتا ہے۔ موجودہ وقت میں کچھ ہی ممالک میں اس کا استعمال ہو رہا ہے۔


مرکزی کابینہ کے فیصلے کے بعد مرکزی وزیر جتیندر سنگھ اور انوراگ ٹھاکر نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نیشنل کوانٹم مشن کے لیے چار الگ الگ ہَب بنائے جائیں گے۔ ان کا آپریشن سائنس و تکنیک محکمہ کے مشن ڈائریکٹر دیکھیں گے۔ مشن کو سمت و رفتار دینے کے لیے ایک گورننگ باڈی بھی ہوگی۔

بہرحال، مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں سنیماٹوگراف ایکٹ 2023 کے تعلق سے بھی انتہائی اہم پیش رفت ہوئی۔ انوراگ ٹھاکر نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری، اداکاروں اور ناظرین سے متعلق ایک ضروری قدم اٹھانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ بہت وقت سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ پائریسی پر سخت قانون بنے، اور آج کابینہ نے منظوری دے دی ہے کہ پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں سنیماٹوگراف ایکٹ 2023 لایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔