ہزاروں کانگریس کارکنان کی موجود گی میں اروندر سنگھ لولی نے باضابطہ طور پر عہدہ سنبھالا

دیپک بابریا نے کہا کہ دہلی میں کانگریس کبھی کمزور نہیں تھی، آج کارکنوں کا یہ میلہ دیکھنے کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اعلی کمان کا فیصلہ درست ہے۔

تصویر: قومی آواز/ویپن

تصویر: قومی آواز/ویپن

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے نو منتخب صدر اروندر سنگھ لولی نے آج کانگریس کے ہزاروں کارکنوں کی موجودگی میں باضابطہ طور پر صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔ سبکدوش ہونے والے صدر چودھری انل کمار نے اروندر سنگھ لولی کو باضابطہ چارج دیتے ہوئے مشکل وقت میں کام کرنے کے لیے تمام کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔ لولی کے استقبال کیلئے کانگریس کارکنان نے ڈھول نگاڑے کا انتظام کیا ہوا تھا۔ پردیش دفتر میں جیسے ہی اروندر سنگھ لولی نے انٹری کی کانگریس کارکنان نے انہیں کاندھوں پر اٹھا لیا۔ لولی کے صدر بننے پر دہلی کانگریس پوری طرح متحد نظر آئی۔ اس موقع پر سابق صدر سبھاش چوپڑا نے سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، وینوگوپال اور ریاستی انچارج دیپک بابریہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

تصویر: قومی آواز/ویپن

تصویر: قومی آواز/ویپن

آج صبح 10 بجے سے نئی دہلی کا پورا علاقہ کانگریس لیڈران و کارکنان کی بھیڑ سے بھرا ہوا نظر آیا۔ ہاتھوں میں ترنگے جھنڈے اور ڈھول لے کر سینکڑوں لوگ ٹولیوں میں راجیو بھون پہنچے۔ آئی ٹی او چوک سے منٹو برج اور رام لیلا میدان تک پرائیویٹ گاڑیوں کی بھیڑ کی وجہ سے لوگ پیدل ہی ریاستی دفتر پہنچے۔ دہلی کے دور دراز علاقوں سے سینکڑوں لوگ کانگریس کی ٹوپیاں پہن کر میٹرو کے ذریعے تقریب میں پہنچے۔ لولی کے استقبال کیلئے خواتین، نوجوانوں اور اقلیتی طبقے کے لوگ بڑی تعداد میں موجود رہے۔ پارٹی کارکنان راہل گاندھی زندہ باد، پرینکا گاندھی زندہ باد، اروندر سنگھ لولی زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتار لگا رہے تھے۔ نئی دہلی کا پورا علاقہ کانگریس کارکنوں کے ہورڈنگز اور پوسٹرس سے بھر ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ عام کارکنوں نے کہا کہ یہ جلسہ نہیں بلکہ کانگریس کارکنوں کا میلہ ہے۔ کارکنوں میں زبردست جوش اور ولولہ دیکھ کر اندازہ ہو رہا تھا کہ آنے والے دنوں میں کانگریس پارٹی دہلی میں عوامی مسائل پورے جوش کے ساتھ اٹھائے گی۔

اس موقع پر دیپک بابریا نے کہا کہ دہلی میں کانگریس کبھی کمزور نہیں تھی۔ آج کارکنوں کا یہ میلہ دیکھنے کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اعلی کمان کا فیصلہ درست ہے اور کانگریس پارٹی ایک بار پھر دہلی میں اپنا پرانا مقام حاصل کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی لوگ دہلی میں کانگریس کی 15 سالہ شاندار دور حکومت کو یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کے ہر پروگرام میں جوش و خروش سے شرکت کریں۔

تصویر: قومی آواز/ویپن

تصویر: قومی آواز/ویپن

کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے اجے ماکن نے کہا کہ اروندر سنگھ لولی دہلی میں کانگریس کو مضبوط کرنے کے لئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، ہزاروں کارکنوں کی موجودگی اس کا ثبوت ہے۔ ماکن نے مزید کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی جیت کی وجہ سے ملک اور دہلی میں حالات بدتر ہوئے ہیں۔ اب لوگ سمجھ گئے ہیں کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔ یہاں موجود کانگریس کارکنان کو یہ بات عام لوگوں تک پہنچانی ہے۔ لوگ کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ دن رات ایک کر کے کانگریس کو مضبوط کریں گے۔ ہمیں کانگریس کو واپس لانا ہوگا۔

سینئر لیڈر جئے پرکاش اگروال نے کہا کہ اروندر سنگھ لولی میں کانگریس کو مضبوط کرنے کی حیرت انگیز طاقت ہے۔ انہوں نے تمام کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر نکلیں اور لڑنے کے لیے تیار ہوں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اروندر سنگھ لولی نے دہلی کے تمام کانگریس کارکنان سے کہا کہ وہ دہلی کے تمام 70 اسمبلی حلقوں میں نہ صرف بوتھ سطح تک کانگریس کو مضبوط کریں بلکہ دہلی کے عام لوگوں کے مسائل کو دھیان میں رکھتے ہوئے دہلی کے لوگوں کیلئے آواز بلند کریں۔ تاہم ضرورت پڑنے پر اپنے اپنے علاقوں میں ایک تحریک چلائیں۔ لولی نے کہا کہ دہلی کانگریس فرقہ پرست طاقتوں اور دہلی میں عوامی مفاد کے مسائل کے خلاف اپنی جنگ بڑے پیمانے پر لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام مذاہب کو ایک ساتھ لے کر چلنے والی پارٹی ہے۔ ہماری ترجیح سیکولرزم کا تحفظ اور عوام کی خدمت ہے۔ لولی نے یہ بھی کہا کہ پارٹی دہلی میں بدانتظامی اور بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔

تصویر: قومی آواز/ویپن

تصویر: قومی آواز/ویپن

آج کی تقریب میں شامل اہم شخصیتوں میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دہلی انچارج دیپک بابریا، سابق ریاستی صدر اجے ماکن، سبھاش چوپڑا، جئے پرکاش اگروال، چودھری انل کمار، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اراکین منیش چترتھ، دیویندر یادو اور سابق ایم پی کرشنا تیرتھ، سندیپ دیکشت، پرویز ہاشمی، راجیش للوٹھیا، دہلی حکومت کے سابق وزیر ہارون یوسف، راجکمار چوہان، سابق ایم ایل اے جے کشن، کانگریس ترجمان راگنی نائک، سابق ایم پی رمیش کمار، ڈاکٹر ادت راج، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن پون کھیڑا، سابق ایم ایل اے مکیش شرما، الکا لامبا، ابھیشیک دت، شیو بھاٹیہ، امرتا دھون، سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، منگاترم سنگھل، رماکانت گوسوامی، پروفیسر کرن والیا کے علاوہ کونسلر زیوتھ کانگریس، مہیلا کانگریس، این ایس یو آئی سیوا دل وغیرہ کے عہدیداران، ضلع اور بلاک صدور کے علاوہ کثیر تعداد میں کانگریس کارکنان موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔