انڈیگو طیارہ میں مسافر کو ہوئی خون کی الٹی، پھر ملی موت کی خبر، ایئرلائنز کمپنی نے جاری کیا بیان

انڈیگو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ممبئی سے رانچی جا رہی فلائٹ نمبر 6ای 5093 کو میڈیکل ایمرجنسی کے سبب ناگپور ڈائیورٹ کر دیا گیا، مسافر کو طبی سہولت کے لیے اسپتال لے جایا گیا لیکن اس کی جان نہیں بچ سکی

انڈیگو ائیر لائنس، تصویر آئی اے این ایس
انڈیگو ائیر لائنس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

انڈیگو طیارہ میں ایک مسافر کو اچانک خون کی الٹی ہوئی، اور اس سے پہلے کہ اسے ضروری علاج مل پاتا وہ موت کی نیند سو گیا۔ اس سلسلے میں انڈیگو ایئرلائنز نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ممبئی سے رانچی جا رہی فلائٹ کے اچانک ناگپور ڈائیورٹ کیے جانے کی وجہ بھی بتائی ہے۔ ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ "ممبئی سے رانچی جا رہی انڈیگو کے فلائٹ نمبر 6ای 5093 کو طبی ایمرجنسی کے سبب ناگپور ڈائیورٹ کر دیا گیا۔ بیمار مسافر کو طیارہ سے اتار دیا گیا اور اسے آگے کی طبی مدد کے لیے اسپتال لے جای اگیا۔ بدقسمتی سے مسافر کی جان نہیں بچ سکی۔ ہماری دعائیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔"

اس سے قبل مہاراشٹر کے ناگپور واقع کے آئی ایم ایس کنگزوے اسپتال کے ڈی جی ایم (برانڈنگ اینڈ کمیونکیشنز) اعزاز سمیع نے بھی اس شخص کی موت کے بارے میں بیان جاری کیا۔ انھوں نے کہا کہ "62 سالہ ایک مرد مسافر سی کے ڈی (کرونک کڈنی ڈیزیز) اور تپ دق سے متاثر تھا اور ایک طیارہ (ممبئی سے رانچی جا رہے) میں اس کی ہیوی بلیڈنگ (خون کی الٹیاں) ہوئی تھیں اور اسے مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ لاش کو آگے کی کارروائی کے لیے کے آئی ایم ایس کنگزوے اسپتال ایمبولنس میں جی ایم سی ایچ لے جایا گیا۔"


واضح رہے کہ انڈیگو ایئرلائنز کی ممبئی-رانچی پرواز میں پیر کی شام کو ایک مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔ پھر طبی ایمرجنسی کی حالت کی وجہ سے ناگپور میں اس پرواز کی اچانک لینڈنگ کرانی پڑی تھی۔ مسافر نے طیارہ میں خون کی الٹیاں کی تھیں اور اسے ایمرجنسی حالت میں ناگپور کے کے آئی ایم ایس اسپتال لے جایا گیا تھا، لیکن انھیں بچایا نہیں جا سکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔