کیرالہ میں زیکا وائرس کے 5 نئے کیسز، معاملوں کی کل تعداد 35 ہوئی

کیرالہ میں پانچ مزیدلوگوں کے زیکا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد اس سے متاثرین کی تعداد 35 ہو گئی ہے، نئے معاملات میں 4 خواتین شامل ہیں

زیکا وائرس وبا / علامتی تصویر
زیکا وائرس وبا / علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

ترواننت پورم: کیرالہ میں پانچ مزیدلوگوں کے زیکا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد اس سے متاثرین کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ ریاست میں تاحال ایسے 11 افراد کا علاج چل رہا ہے۔ ریاست کی وزیر صحت وینا جارج نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔

وینا جارج نے کہا کہ نئے معاملات میں چار خواتین شامل ہیں جن کے زیکا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک معاملہ ایرناکولم سے سامنے آیا ہے اور وہ طبی اہلکار ہے۔ اس سے پہلے تک زیکا وائرس کے تمام معاملے راجدھانی ترواننت پورم سے سامنے آئے تھے۔


وزیر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ ترواننت پورم میڈیکل کالج کی وائرولوجی لیب، الاپوجا میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرالوجی (این آئی وی) اور کویمبٹور میں مائیکرو بائیولوجی میں کئے گئے ٹیسٹ میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ وینا جارج کے مطابق کل معاملات میں سے 24 لوگوں کی رپورٹ نگیٹیو آئی، جبکہ باقی دیگر ابھی ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔

کیرالہ میں پہلی بار ایک 24سالہ حاملہ خاتون کے زیکا وائرس سے متاثر ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا حالانکہ چھ دنوں کے اندر وہ ٹھیک ہو گئی اور یہاں ایک پرائیویٹ اسپتال کمس ہیلتھ میں ایک بچے کو جنم دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔