دہلی-این سی آر میں مہاجر مزدور پھر نکلے سڑکوں پر، پہلے ’لاک ڈاؤن‘ کی آئی یاد، دیکھیے تصویریں

وزیر اعلیٰ کیجریوال نے لوگوں سے گزارش کی ہے کہ یہ چھوٹا لاک ڈاؤن ہے اس لیے اپنی ریاستوں کی طرف ہجرت نہ کریں، ان کی اس اپیل کا اثر مہاجر مزدوروں پر کم ہی نظر آ رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں پیر کی صبح جیسے ہی یہ اعلان کیا گیا ہے کہ آج رات 10 بجے سے ایک ہفتہ کے لیے لاک ڈاؤن نافذ ہو جائے گا، لوگوں کا ہجوم آنند وِہار سمیت دیگر بس ٹرمینل پر نظر آنے لگا، اور ساتھ ہی سڑکوں پر قطار بند لوگوں کو پیدل چلتے ہوئے بھی دیکھا جانے لگا۔ یہ سب کچھ پہلے لاک ڈاؤن کی یاد تازہ کرا رہا ہے جس میں لوگوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ہزاروں کلو میٹر تک پیدل سفر کیا تھا تاکہ گھر والوں کے ساتھ وقت گزار سکیں۔ ظاہر سی بات ہے کہ اس میں بیشتر تعداد مہاجر مزدوروں کی ہے جن کے لیے روزگار کا مسئلہ ایک بار پھر کھڑا ہو گیا ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ جلد از جلد اپنے گاؤں پہنچ جائیں۔

اتر پردیش، بہار، گجرات وغیرہ ریاستوں کے مہاجر مزدوروں کی بھیڑ کچھ زیادہ ہی دیکھنے کو مل رہی ہے کیونکہ دہلی-این سی آر کی فیکٹریوں میں ان ریاستوں سے آئے مہاجر مزدور ہی کام کرتے ہیں۔ حالانکہ دہلی میں صرف ایک ہفتہ کا لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے لوگوں سے گزارش بھی کی ہے کہ یہ چھوٹا لاک ڈاؤن ہے اس لیے اپنی ریاستوں کی طرف ہجرت نہ کریں۔ کیجریوال کی اس اپیل کا اثر مزدوروں پر کم ہی نظر آ رہا ہے۔ مزدوروں کو اس بات کا بھروسہ نہیں ہے کہ ایک ہفتہ کے بعد سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ غازی آباد، نوئیڈا اور دہلی سے ملحق سڑکوں پر مزدوروں کو پریشان حال بس کا انتظار کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔


کچھ ایسی تصویریں سامنے آئی ہیں جن میں بسوں میں لوگ کھچاکھچ بھرے ہوئے نظر آ رہے ہیں، اور کچھ لوگ باہر کی طرف بھی لٹکے ہوئے ہیں۔ گویا کہ نہ ہی کسی کو کورونا گائیڈ لائنس کی فکر ہے اور نہ ہی خود کے کورونا پازیٹو ہونے کی۔ سبھی مہاجر مزدور جلد از جلد اپنے گھر پہنچنا چاہ رہے ہیں۔ آئیے یہاں دیکھتے ہیں کچھ تصویریں جس سے مہاجر مزدوروں کی حالت زار کا اندازہ ہوتا ہے...

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Apr 2021, 9:10 PM
/* */