دہلی میں اومیکرون ویرینٹ کے 10 نئے معاملوں کی تصدیق، کیسز کی کل تعداد 20 ہوئی
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے جمعہ کے روز بتایا کہ قومی راجدھانی میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے 10 نئے معاملوں کی تصدیق کے بعد اس طرح کے کیسز کی کل تعداد 20 ہو گئی ہے

نئی دہلی: جنوبی افریقہ میں پائے جانے والے کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے دنیا کو تشویش میں ڈال دیا ہے۔ ہندوستان میں بھی مختلف ریاستوں میں اومیکرون ویرینٹ کے کیسز پائے گئے ہیں۔ دہلی میں اومیکرون ویرینٹ کے 10 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ وہیں، دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے جمعہ کو کہا کہ قومی راجدھانی میں کورونا وائرس کی نئی شکل 'اومیکرون' کے 10 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اس طرح کے کل کیسز کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 10 لوگوں کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ ستیندر جین نے کہا کہ جینوم سیکوینسنگ کے لیے بھیجے گئے 40 نمونوں میں سے 10 میں 'اومیکرون' فارمیٹ کی تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو دہلی میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملات میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ یہاں گزشتہ روز کورونا کے 85 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 14 لاکھ 41 ہزار 935 ہو گئی۔ وہیں، کورونا انفیکشن کی شرح بھی 0.15 فیصد تک بڑھ گئی تھی۔ یہ گزشتہ 5 مہینوں میں نئے کیسز اور انفیکشن کی سب سے بلند شرح ہے۔ اس سے قبل 8 جولائی کو 93 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ اس دن انفیکشن کی شرح 0.15 فیصد تھی۔
ملک کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے کل 14 نئے کیسز سامنے آئے۔ کرناٹک میں اومیکرون کے پانچ کیسز درج ہوئے، جبکہ دہلی اور تلنگانہ میں چار چار کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
وہیں، گجرات میں ایک معاملہ سامنے آیا۔ کرناٹک میں کورونا وائرس کی ایک نئی شکل اومیکرون کے پانچ نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔ خیال رہے کہ ڈبلیو ایچ او نے کورونا کے اس نئے ویرینٹ کے تئیں خبردار کیا ہے۔ یہ ویرینٹ بہت تیزی سے پھیل سکتا ہے اور ویکسین کے اثر کو کم کر سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔