بہار میں غلط پٹری پر 2 کلومیٹر تک چلتی رہی ٹرین، دوسری طرف سے ٹرین آتی تو ہو سکتا تھا بالاسور جیسا حادثہ

جب ٹرین کے غلط پٹری پر دوڑنے کی خبر پھیلی تو ریل افسران کی حالت دگرگوں ہو گئی، واقعہ کے بعد اس کی جانکاری پنڈت دین دیال اپادھیائے ریل ڈویژن اور حاجی پور زون کو دی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>ٹرین، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ٹرین، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بہار میں آج ایک ٹرین غلط پٹری پر تقریباً 2 کلومیٹر تک دوڑتی چلی گئی، لیکن غنیمت یہ رہی کہ اس پٹری پر دوسری طرف سے کوئی ٹرین نہیں آ رہی تھی۔ اگر ایسا ہوتا تو بالاسور جیسا بڑا ریل حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 15 دنوں کے اندر دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے جب بہار میں ٹرین غلط پٹری پر دوڑتی ہوئی دکھائی دی ہے۔

معاملہ اتوار کا ہے جب جموں توی سے سیالدہ جا رہی 13152 جموں توی سیالدہ ایکسپریس بھبھوا روڈ اسٹیشن کے مغربی جانب ریڈ سگنل پار کر گئی۔ سگنل ریڈ ہونے کے بعد بھی ٹرین اس پٹری پر تقریباً دو کلومیٹر تک دوڑتی رہی۔ اس واقعہ کے بعد مسافروں نے خوب ہنگامہ کیا۔ ان کا بھی یہی کہنا تھا کہ اگر سامنے سے کوئی ٹرین آ رہی ہوتی تو بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔


بتایا جا رہا ہے کہ صبح 7 بج کر 7 منٹ پر یہ ٹرین تیز رفتاری کے ساتھ سگنل پار کر گئی۔ اس کے بعد ٹرین کے گارڈ نے اس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگائی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گارڈ اور اسٹیشن ماسٹر کی مستعدی کے سبب ایک بڑا ٹرین حادثہ ہوتے ہوتے بچا۔

جب ٹرین کے غلط پٹری پر دوڑنے کی خبر پھیلی تو ریل افسران کی حالت دگرگوں ہو گئی۔ واقعہ کے بعد اس کی جانکاری پنڈت دین دیال اپادھیائے ریل ڈویژن اور حاجی پور زون کو دی گئی۔ اس کے بعد موقع پر زونل چیف سیکورٹی افسر پربھات کمار اور ڈی آر ایم راجیش گپتا پہنچے۔ بھبھوا اسٹیشن پہنچے ریلوے کے اعلیٰ افسران نے ریل گارڈ، لوکو پائلٹ اور دوسرے افسران سے معاملے کی جانکاری لی۔ اس کے بعد یہ ٹرین بھبھوا اسٹیشن پر تقریباً تین گھنٹے تک کھڑی رہی۔ پنڈت دین دیال اپادھیائے اسٹیشن سے جب دوسرا گارڈ اور ڈرائیور یہاں پہنچا تب ٹرین کو روانہ کیا گیا۔


اس تعلق سے اعلیٰ افسران کو بتایا گیا کہ مغربی کیبن کے پاس ٹرین کو ریڈ سگنل دیا گیا تھا۔ بھبھوا اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 3 پر آسنسول پیسنجر ٹرین کھڑی تھی۔ اس کے روانہ ہونے کے بعد جموں توی ایکسپریس کو 3 پر بھیجنا تھا۔ ریڈ سگنل ہونے کے بعد بھی ڈرائیور گاڑی کو سگنل پار کر گیا۔ اس کے بعد گارڈ محمد شمیم خان نے ایمرجنسی بریک لگائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔