بہار میں این ڈی اے حکومت نے جتنی نوکریاں 17 سال میں نہیں دیں، اتنی میں نے 17 مہینے میں دیں: تیجسوی یادو

آر جے ڈی کے لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے جمعرات کو منگیر کے ٹیٹیابمبر میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی اور این ڈی اے حکومت پر نشانہ لگایا

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / آئی اے این ایس</p></div>

تیجسوی یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

منگیر: آر جے ڈی کے لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے جمعرات کو منگیر کے ٹیٹیابمبر میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی اور این ڈی اے حکومت پر نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں این ڈی اے کی حکومت جتنی نوکریاں 17 سال میں نہیں دے پائی، اس سے زیادہ تو میں نے 17 مہینوں میں دے دیں۔

تیجسوی یادو نے وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے لیڈر مکیش سہنی کے ساتھ آر جے ڈی کے امیدوار کے حق میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے 10 برسوں میں ٹیٹیا بمبر، منگیر اور بہار کے لیے کیا کیا۔ آج ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے۔ 10 سال میں غریبی نہیں ہٹا پائے، 5 کلو اناج سے کیا غریبی ہٹے گی۔ یہ تو کانگریس کی حکومت کے دوران بھی ملتا تھا۔


تیجسوی یادو نے مودی کی گارنٹی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گارنٹی چائنیز ہے، جو انتخابات تک ہی چلے گی، اس کے بعد ختم ہو جائے گی۔ ہم یہاں مودی حکومت کی نہیں، مسائل کی بات کرنے آئے ہیں۔

دریں اثنا، وی آئی پی کے سربراہ اور بہار کے سابق وزیر مکیش سہنی نے لوگوں سے مودی حکومت کو ان انتخابات میں اکھاڑ پھینکنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ غریبوں، پسماندہ لوگوں کی نہیں، امیر لوگوں کی حکومت ہے۔ آج بہار اور ملک بحران سے گزار رہا ہے۔ آج سرکاری اداروں کو بیچا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ملک ترقی کر رہا ہے۔ 2014 میں لوگوں کو گمراہ کر بی جے پی اقتدار میں آ گئی لیکن اب بہار کے لوگ جھانسہ میں نہیں آنے والے۔ آج لوگ چاند پر گھر بنانے کی سوچ رہے ہیں اور ہمارے سماج کے لوگوں کا زمین پر بھی گھر نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔