بہار میں روزانہ 600 لوگوں کو کاٹتے ہیں کتے، ایک رپورٹ میں انکشاف

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں کتے کاٹنے کے سب سے زیادہ واقعات سامنے آئے ہیں، بہار اکنامک سروے کی رپورٹ کے مطابق پٹنہ میں ایک سال میں 22599 لوگوں کو کتوں نے کاٹا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں کتوں کی دہشت بہت بڑھ گئی ہے۔ اس کا اندازہ ایک تازہ سروے رپورٹ سے لگایا جا سکتا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہاں روزانہ 600 سے زائد افراد کو کتے کاٹ رہے ہیں۔ دراصل بہار میں کتوں کے ذریعہ کاٹے جانے کے معاملوں پر ایک سرکاری رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں شہروار ڈاٹا پیش کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022 کے مقابلے 2023 میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں 200 گنا اضافہ ہوا ہے۔

بہار اکنامک سروے نامی اس رپورٹ کے مطابق سال 2022-23 میں 7 لاکھ 181 افراد کو کتوں نے کاٹا ہے۔ اس سے پہلے سال 2021-22 میں یہ تعداد صرف 9809 تھی۔ بہار میں روزانہ اوسطاً 600 لوگوں کو کتے کاٹتے ہیں۔ اگر ایک گھنٹے کے حساب سے دیکھا جائے تو ہر گھنٹے میں 25 افراد کو کتے کاٹ رہے ہیں۔ اس معاملے میں پٹنہ کے میونسپل کمشنر (پی ایم سی) انیمیش کمار کا کہنا ہے کہ ’’انہیں اس رپورٹ کے بارے میں معلوم ہوا ہے۔ یہ واقعتاً ایک بڑی مصیبت ہے۔ اس کو روکنے کے لیے ہم جلد ہی اپنی مہم تیز کریں گے۔ اس کے لیے ہم غیر سرکاری تنظیموں کی بھی خدمات لیں گے۔‘‘


بہار کے جن اضلاع میں سب سے زیادہ لوگوں کو کتے کاٹتے ہیں ان میں سرِ فہرست بہار کی راجدھانی پٹنہ ہے۔ پٹنہ میں سال 2022-23 میں کتوں کے کاٹنے کے کل 22599 معاملے رپورٹ ہوئے تھے۔ جبکہ نالندہ میں 17,074، گوپال گنج میں 15,253، ویشالی میں 13,110، مغربی چمپارن میں 11,291، مشرقی چمپارن میں 9,975، مدھوبنی میں 8,401 اور ارریہ میں 6,710، نوادہ میں 6,234، سیتامڑھی میں 6,198، جموئی میں 5,851، جہان آباد میں 5,683، بھوجپور میں 5,323، مدھے پورہ میں 5,169 اور دربھنگہ میں 5,023 کیسز رپورٹ ہوئے۔ وہیں بہار میں کھگڑیا میں 1,916، مظفر پور میں 1,258، بکسر میں 686، اورنگ آباد میں 435 اور کیمور میں سب سے کم 33 معاملے رپورٹ ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔