ایودھیا: حیرت انگیز! سَنگھ کی زیر نگرانی ندی کنارے 5 لاکھ بار ہوگی تلاوتِ قرآن

اس تقریب کو اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی طرف سے تعاون مل رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یو پی کے کابینہ وزیر لکشمی نارائن اور آر ایس ایس رہنما مراری داس اس میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سخت گیر ہندو تنظیم آر ایس ایس (راشٹریہ سویم سیوک سَنگھ) 2019 کے عام انتخابات سے قبل تمام طبقات کو مائل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ مسلمانوں پر ڈورے ڈالنے کے مقصد سے آر ایس ایس کی طرف سے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قرآن کریم کی آیات کی تلاوت کرائے جانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم ’مسلم راشٹریہ منچ‘ ایودھیا میں سریو ندی کے ساحل پر اجتماعی طور پر نماز ادا کرنے اور قرآن کریم کی تلاوت کی اس تقریب کا انعقاد 12 جولائی کو کرنے جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس تقریب میں تقریباً 1500 مسلمانوں کے ساتھ متعدد دیگر مذاہب میں عقیدہ رکھنے والے افراد بھی شامل ہوں گے۔

ایودھیا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب اتنے بڑے پیمانے پر کوئی مسلم تقریب منعقد ہوگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریب کے دوران مسلم طبقہ کے افراد ایودھیا میں موجود 200 بزرگوں کے مزاروں کی زیارت بھی کریں گے۔ تقریب میں آنے والے مسلمان پہلے اجتماعی طور پر نماز ادا کریں گے اور اس کے بعد سریو ندی کے ساحل پر واقع رام کی پیڑی گھاٹ پر قرآنی آیات کی تلاوت کریں گے۔ تقریب کے دوران قرآن کریم کی آیات کی 5 لاکھ مرتبہ تلاوت کی جائے گی۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ تقریب ملک میں ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے کے لئے منعقد کی جا رہی ہے لیکن لوگوں کا خیال ہے کہ اس تقریب سے آر ایس ایس اپنی مسلم مخالف شبیہ کو بدلنا چاہتی ہیے۔

مسلم راشٹریہ منچ سے وابستہ ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس تقریب میں 1500 مسلمان ملک میں ہندو اور مسلمانوں کے درمیان بھائی چارے کی دعا کریں گے۔ آر ایس ایس کی اس تقریب کو اتر پریش کی یوگی حکومت کا بھی تعاون مل رہا ہے اور خبروں کے مطابق یوگی حکومت کے کابینی وزیر لکشمی نارائن داس اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Jul 2018, 6:50 PM