مودی کو لگا زور کا جھٹکا، بھائی نے انتخابات میں ٹی ایم سی کی حمایت کا کیا اعلان

کولکاتا کے دَم دَم میں فیئر پرائس شاپ آنرس فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ اس کے اراکین جلد ہی مودی مخالف مہم شروع کرنے کے لیے وارانسی کا دورہ کریں گے اور وہاں ان کے بھائی پرہلاد مودی بھی موجود رہیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے بھائی پرہلاد مودی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے زبردست جھٹکا دیا ہے۔ پرہلاد مودی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ پرہلاد مودی آل انڈیا فیئر پرائس شاپ آنرس فیڈریشن کے صدر ہیں۔ فیڈریشن نے اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں ٹی ایم سی کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

30 اکتوبر کو مغربی بنگال حکومت کے ذریعہ کولکاتا کے دَم دَم واقع ربیندر بھون میں ’کھادیہ ساتھی یوجنا‘ پر گفتگو کے لیے بلائی گئی میٹنگ میں فیڈریشن نے یہ اعلان کیا۔ میٹنگ میں ممتا حکومت کے وزیر برائے خوردنی اشیا جیوتی پریہ ملک اور دَم دَم سے ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ سوگت رائے بھی موجود تھے۔ اس میٹنگ میں فیئر پرائس شاپ آنرس فیڈریشن کے سکریٹری بشومبھر بسو نے اعلان کیا کہ آر ایس ایس کے رکن عام انتخابات کے لیے پورے ملک میں مودی مخالف مہم چلائیں گے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ فیڈریشن مودی حکومت کو باہر کرنے کے لیے ٹی ایم سی کی حمایت کرے گی۔

فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ اس کے رکن جلد ہی مودی مخالف مہم کی شروعات کے لیے وارانسی کا دورہ کریں گے اور وہاں ان کے بھائی پرہلاد مودی بھی موجود رہیں گے۔ میٹنگ میں فیڈریشن نے کہا کہ وہ مغربی بنگال میں ’کھادیہ ساتھی یوجنا‘ کی کامیابی کے لیے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو اعزاز بخشنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Oct 2018, 4:09 PM