100 دنوں میں ریکھا حکومت نے دہلی کے اسپتالوں کو آئی سی یو سے ونٹلیٹر پر پہنچا دیا: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ شدید گرمی کے سبب مریضوں کی بڑھتی بھیڑ نے اسپتالوں میں سہولیات اور انتظامات کی کمی کو ظاہر کر دیا ہے۔

دیویندر یادو / بشکریہ ایکس
نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے ریکارڈ توڑ گرمی کے درمیان اسپتالوں کی حالت زار پر شدید فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریکارڈ توڑ گرمی کے سبب اسپتالوں میں جہاں مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے، وہیں دہلی حکومت بیمار لوگوں کو اسپتالوں میں منظم سہولیات دینے تک میں پوری طرح ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ گرم لہر سے نمٹنے کے لیے وسیع منصوبہ کا اعلان تو کیا گیا، لیکن 45 ڈگری درجہ حرارت میں جہاں مریض اپنی بیماری سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، وہیں ان کو اسپتال تک لانے والے ساتھیوں کو اسپتال میں بیٹھنے کی سہولت بھی نہیں ہے۔ یہ حالات دہلی حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔
دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں بی جے پی ٹریپل انجن کی حکومتوں کے اسپتالوں میں صحت خدمات کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی بھی کمی ہے، لیکن وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سرکاری اسپتالوں میں بہتر سہولیات کا ڈھنڈھورا پیٹ رہی ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کے تیماردار کھلے میں بیٹھنے کو مجبور ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کے ویٹنگ روم میں پنکھے تک موجود نہیں ہیں، اور بھیڑ کی وجہ سے ان کے ساتھ آئے لوگوں کو اندر بیٹھنے تک نہیں دیا جا رہا۔ کوئی درخت کے نیچے بیٹھنے کو مجبور ہے تو کوئی شدید گرمی میں ٹن شیڈ کے نیچے کھڑا نظر آتا ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں گرمی سے متاثرہ جو بھی معاملے سامنے آ رہے ہیں، وہ رکشہ ڈرائیور، مزدور، سڑکوں پر ذریعہ معاش چلانے والے، ریہڑی پٹری والے لوگ ہیں۔ کسی کو پیٹ میں درد، الٹی، تو کسی کو پانی کی کمی اور چکر وغیرہ کی شکایت ہے۔
دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ دہلی میں بی جے پی کی حکومت نے 100 دنوں میں دہلی کے اسپتالوں کو آئی سی وی سے ونٹیلیٹر پر پہنچا دیا ہے۔ شدید گرمی کے سبب مریضوں کی بڑھتی بھیڑ نے اسپتالوں میں سہولیات اور انتظامات کی کمی کو ظاہر کر دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ریکھا گپتا کو چاہیے کہ وہ جھوٹے اعلانات اور بڑبولے پن کو چھوڑ کر دہلی والوں کی زندگی کو بچانے کے لیے ترجیحی بنیاد پر کام کریں، کیونکہ دہلی کے اسپتالوں کی حالت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔