مسلمانوں کو محبت کی سوغات دیجیے: عمران مسعود کی مودی سے اپیل
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے وزیر اعظم مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلمانوں کو محبت، تحفظ اور روزگار کی سوغات دیں۔ انہوں نے تمل ناڈو اسمبلی کے ذریعے وقف ترمیمی بل کے خلاف قرارداد کی حمایت کی

نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلمانوں کو محبت اور خیرسگالی کا پیغام دیں۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب بی جے پی نے ملک بھر میں عید کے موقع پر 32 لاکھ مسلمانوں میں ’سوغاتِ مودی‘ کٹ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عمران مسعود نے کہا کہ وزیر اعظم کا دل بہت بڑا ہے اور اسی وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو محبت، تحفظ، تعلیم اور روزگار کی سوغات دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’جب محبت کا اظہار کرنے کی بات ہے تو مسلمانوں کو بھی محبت کی سوغات دیجیے۔‘‘
اس دوران انہوں نے تمل ناڈو اسمبلی کے ذریعہ وقف (ترمیمی) بل کے خلاف قرارداد پاس کیے جانے کی حمایت کی۔ انہوں نے دیگر ریاستی حکومتوں، خاص طور پر مغربی بنگال، بہار، آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنا موقف واضح کریں۔
عمران مسعود نے یوپی کے سنبھل میں پولیس افسر کے عید کی سوئیاں اور ہولی کی گجیا والے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسر نادان اور کم فہم ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ایسی باتیں کرنے والے افسران سماج میں نفرت پھیلا رہے ہیں۔ تمام مذاہب کے لوگوں کو مل کر تہوار منانے چاہئیں۔‘‘
سنبھل میں سڑک یا چھت پر نماز پڑھنے پر پابندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو بھی سمجھنا چاہیے کہ سڑک حکومت کی ملکیت ہے، اس لیے وہاں نماز پڑھنے پر پابندی عائد کرنا درست ہے۔ تاہم، مسجد کی چھت پر نماز پر پابندی کو انہوں نے غلط قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ’’مسجد میں جگہ کم ہونے پر چھت پر نماز پڑھنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ اگر چھت پر بھی نہیں پڑھ سکتے تو پھر کہاں پڑھیں؟‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔