قومی راجدھانی خطہ میں بارش کے بعد ہوا کے معیارمیں بہتری

اتوار کے روز دہلی میں ہوا کا معیار ’معتدل‘ سے ’تسلی بخش‘ حالت میں پہنچ گیا۔ اتوار کے روز یہاں ہوا کے معیار کا انڈیکس 90 ریکارڈ کیا گیا۔

تصویر قومی آواز/ ویپن
تصویر قومی آواز/ ویپن
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) سمیت شمالی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں جنوری کے مہینے میں مانسون کی طرح بارش ہو رہی ہے جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ دہلی اور قومی راجدھانی خطہ میں اتوار کے روز مسلسل دوسرے دن وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 13.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو اس موسم کے معمول سے سات ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ وہیں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں اگلے ایک یا دو دنوں تک ایسا ہی موسم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ دہلی اور این سی آر (لونی دیہات، ہنڈن ایئر فورس اسٹیشن، بہادر گڑھ، غازی آباد، اندرا پورم، چھپرولا اور نوئیڈا) میں کہیں کہیں شدید بارش اور کبھی بجلی چمکنے اور گرج کے ساتھ ہلکی و متوسط بارش ہوتی رہنے کا امکان ہے۔


محکمہ نے کہا کہ اگلے دو گھنٹوں کے دوران کرنال، سفی ڈون، پانی پت، گنور، سونی (ہریانہ) اور سہارنپور، گنگوہ، شاملی،کاندھلہ اور بروت (اتر پردیش) میں مختلف مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔ دہلی میں بارش کے اعداد و شمار فراہم کرنے والی صفدرجنگ موسم آبزرویٹری کے مطابق یہاں دہلی میں اب تک 49.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ دہلی میں آج صبح 8.30 بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 040.6 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

دریں اثنا اتوار کے روز دہلی میں ہوا کا معیار ’معتدل‘ سے ’تسلی بخش‘ حالت میں پہنچ گیا۔ اتوار کے روز یہاں ہوا کے معیار کا انڈیکس 90 ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ نوئیڈا میں ہوا کا معیار 119 کے انڈیکس کے ساتھ درمیانے درجے پر رہا۔ تاہم گڑگاؤں میں ہوا کا معیار بہتر ہوا ہے اور یہ 81 کے انڈیکس کے ساتھ ’معتدل‘ سے ’اطمینان بخش ‘حالت میں پہنچ گیا ہے۔ سرکاری ادارے کے مطابق ہوا کا معیار صفر سے 50 اچھا، 51 سے 100 تسلی بخش، 101 سے 200 معتدل، 201 سے 300 خراب، 301 سے 400 انتہائی خراب اور 401 سے 500 سنگین زمرہ کہلاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔