دہشت گردوں کی کیا ضرورت، ریلوے ہی کافی ہے: راج ٹھاکرے

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

راج ٹھاکرے نے بلیٹ ٹرین کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ 5 اکتوبر کو ان کی پارٹی ایم این ایس (مہاراشٹر نونرمان سینا) چرچ گیٹ پر مظاہرہ کرے گی۔ چرچ گیٹ مغربی ریلوے کا صدر دفتر بھی ہے اس لیے مظاہرے کے لیے اس مقام کا انتخاب کیا گیا ہے۔

راج ٹھاکرے نے اپنی تحریک سے متعلق اعلان جمعہ کو ممبئی میں ایلفنسٹن روڈ فٹ اوور برج پر ہوئے حادثہ میں 22 افراد کی موت اور 30 سے زائد لوگوں کے زخمی ہونے کے بعد کیا ہے۔ راج ٹھاکرے نے آج ایک پریس کانفرنس میں حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اپنی تحریک میں ایم این ایس ممبئی میں بلیٹ ٹرین کی مخالفت کرے گی۔ راج ٹھاکرے نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ جب تک ممبئی میں ریلوے کی حالت میں بہتری نہیں آئے گی اس وقت تک ان کی پارٹی ممبئی میں بلیٹ ٹرین پروجیکٹ کی ایک اینٹ تک نہیں رکھنے دے گی۔

حکومت کو سوالوں کے دائرے میں گھسیٹتے ہوئے راج ٹھاکرے نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’ہمیں دہشت گردوں کی کیا ضرورت؟ ایسا لگتا ہے کہ لوگوں کو مارنے کے لیے ہمارے یہاں ریلوے ہی کافی ہے۔‘‘ راج ٹھاکرے نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے وہئے کہا کہ ہر سال ریل حادثوں میں 15 ہزار اموات ہوتی ہیں، ان میں سے 6000 لوگ تنہا ممبئی کے ہوتے ہیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ بی جے پی حکومت آنے سے کیا تبدیلی ہوئی۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ مودی حکومت آنے کے بعد صرف نوٹوں کے رنگ بدلنے کے اور کیا بدلا ہے؟ کچھ بھی نہیں۔

اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئےر اج ٹھاکرے نے کہا کہ نریندر مودی جھوٹ بول کر ہی اقتدار میں آئے ہیں۔ سریش پربھو اچھا کام کر رہے تھے لیکن ان لوگوں کی غلطیوں کی وجہ سے انھیں نکال دیا گیا۔ راج ٹھاکرے نے شیو سینا کو بھی نشانے پر لیا اور کہا کہ ’’وہ حکومت میں بیٹھ کر کیا کر رہی ہے۔ اگر بی جے پی کام کرنے نہیں دے رہی ہے تو وہ حکومت سے باہر کیوں نہیں ہو جاتی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Sep 2017, 5:00 PM