ایل آئی سی کو شدید جھٹکا، جولائی مہینے میں 46000 کروڑ روپے کا ہوا نقصان
شیئر بازار کی مندی سے ایل آئی سی کو بھی شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اسے جولائی مہینے میں سب سے زیادہ نقصان ریلائنس انڈسٹریز اور آئی ٹی سیکٹر کے شیئروں سے ہوا ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
شیئر بازار کی مندی نے جولائی مہینے میں نہ صرف عام سرمایہ کاروں کو جھٹکا دیا ہے بلکہ لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا (ایل آئی سی) کو بھی شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ تقریباً 46000 کروڑ روپے تک کا نقصان ایل آئی سی کے اکیویٹی پورٹ فولیو میں درج کیا گیا۔ ایل آئی سی کو سب سے زیادہ نقصان ریلائنس انڈسٹریز اور آئی ٹی سیکٹر کے شیئروں سے ہوا۔
’بزنس اسٹینڈرڈ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق 30 جون 2025 کو 16.10 لاکھ کروڑ سے ایل آئی سی کے 322 شیئروں کی قیمت 25 جولائی 2025 کو 15.64 ٹریلین رہ گئی ہے۔ یہ 46000 کروڑ کے مارک ٹو مارک نقصان کو ظاہر کرتا ہے۔ حالانکہ ایل آئی سی کی پورٹ فولیو قیمت 7 اپریل 2025 سے 1.94 ٹریلین زیادہ ہے۔
جولائی 2025 میں ایل آئی سی کے پورٹ فولیو میں آئی گراوٹ میں ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ کا اہم کردار رہا ہے۔ ایل آئی سی کی سب سے بڑی ہولڈنگ کمپنی ہونے کے ناطے (جس کی قیمت 1.3 لاکھ کروڑ ہے اور جس کی 6.93 فیصد حصہ داری ہے) آر آئی ایل کے شیئروں میں کسی بھی گراوٹ کا پورے پورٹ فولیو پر اثر پڑے گا۔
ایل آئی سی کی 322 شیئروں میں سرمایہ کاری ہے۔ انشورنس شعبہ کی اس قد آور کمپنی کا پورٹ فولیو کئی شعبوں میں پھیلا ہوا ہے، جس میں آئی ٹی سی (82200 کروڑ، 15.8 حصہ داری) کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ اس کے بعد ایچ ڈی ایف سی بینک (68600 کروڑ) اور لارسن اینڈ ٹروبو (64100 کروڑ) کا مقام ہے۔
ٹاپ-10 ہولڈنگس ایل آئی سی کے کُل ایکویٹی پورٹ فولیو کا 6 لاکھ کروڑ سے زیادہ حصہ ہے۔ واضح رہے کہ جولائی میں گراوٹ سے پہلے ایل آئی سی نے جون 2025 سہ ماہی کے دوران اپنے پورٹ فولیو میں فعال طور سے پھیر بدل کی تھی۔ اس میں 81 کمپنیوں میں حصہ داری کم کی گئی اور اسٹریٹیجک طور سے 4 پی ایس یو ڈیفنس شیئروں کو جوڑا گیا۔ انشورنس کمپنی نے سُجلان اینرجی، ریلائنس پاور اور ویدانتا جیسی مشہور خوردہ کمپنیوں میں اپنی حصہ داری کم کی جبکہ مجھگاؤں ڈاک شپ بلڈرس جیسے دفاعی شعبہ کے شیئروں میں 3.27 فیصد کی نئی حصہ داری کے ساتھ 3857 کروڑ کا سرمایہ بڑھایا۔
ایل آئی سی کے شیئر آج منگل کو کاروبار کے دوران 899.10 روپے پر آ گئے۔ اس میں معمولی تیزی ہے۔ گزشتہ ہفتے میں اس میں 1.02 کی گراوٹ آئی ہے۔ پچھلے مہینے میں اس میں 6.49 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی اور گزشتہ 3 مہینوں میں اس میں 13.19 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔