بہار: لاک ڈاؤن کا اثر ظاہر، کورونا انفیکشن کی شرح میں 8 فیصد تک گراوٹ

بہار حکومت کے ذریعہ 5 مئی سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کا اثر اب نظر آنے لگا ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد انفیکشن کی شرح میں لگاتار گراوٹ درج کی جا رہی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کورونا قہر کے درمیان حکومت بہار کے ذریعہ 5 مئی سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کا اثر اب ظاہر ہونے لگا ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد انفیکشن کی شرح میں لگاتار گراوٹ درج کی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 5 مئی کو 95 ہزار 248 نمونے کی جانچ کی گئی تھی، جن میں 14 ہزار 836 لوگوں کے کورونا متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس دن انفیکشن کی شرح 15.57 فیصد درج کی گئی تھی۔ لیکن جمعرات یعنی 13 مئی کو انفیکشن کی شرح 7.93 درج کی گئی ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو ریاست میں لاک ڈاؤن کے بعد جمعرات تک کورونا انفیکشن کی شرح میں 7.64 فیصد تک کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔

ریاست میں جمعرات کو 97 ہزار 664 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی جب کہ 7 ہزار 752 نئے مریض ملے تھے۔ ریاست میں لاک ڈاؤن کے بعد انفیکشن کی شرح میں لگاتار گراوٹ درج کی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ریاست میں 12 مئی کو 1 لاکھ 11 ہزار 740 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی، جس میں 9 ہزار 863 لوگوں کے کورونا متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔ اس دن انفیکشن کی شرح 8.82 فیصد درج کی گئی تھی۔


اس کے ایک دن قبل یعنی 11 مئی کو 1 لاکھ 10 ہزار 71 نمونوں کی جانچ کی گئی، جس میں 10 ہزار 920 لوگ کورونا متاثر پائے گئے تھے۔ ریاست میں اس دن انفیکشن کی شرح 9.92 فیصد درج کی گئی تھی۔ یہاں قابل ذکر یہ بھی ہے کہ ریاست میں 9 مئی کو کورونا انفیکشن کی شرح 10.31 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا بھی کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کا مثبت اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔

بہار میں محکمہ صحت کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق جہاں انفیکشن کی شرح میں گراوٹ درج کی جا رہی ہے، وہیں اہم اپوزیشن پارٹی آر جے ڈی حکومت پر اعداد و شمار کا کھیل کھیلنے کا الزام لگا رہی ہے۔ آر جے ڈی نے جمعہ کو اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کر کے لکھا کہ ’’بہار حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ کورونا انفیکشن کی تعداد میں لگاتار کمی آ رہی ہے، جب کہ حقیقت اس کے ٹھیک برعکس ہے۔ کورونا گاؤں تک پہنچ گیا ہے۔ جب شہروں کے اسپتال اس قدر بری حالت میں ہیں تو گاؤں کی حالت سمجھ سکتے ہیں۔ لیکن حکومت کے لیے اب گاؤں سے اعداد و شمار کا کھیل کھیلنا بہت آسان ہے۔‘‘


واضح رہے کہ بہار میں پہلے تو 5 مئی سے 15 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، اور پھر 13 مئی کو لاک ڈاؤن مزید 10 دن بڑھانے یعنی 25 تک اس کی توسیع کا اعلان وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ٹوئٹ کے ذریعہ کیا تھا۔ بعد ازاں ایک ورچوئل کانفرنس کے ذریعہ افسران نے لاک ڈاؤن کی پابندیوں سے متعلق تفصیلی جانکاری میڈیا کو دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔