خلیج میں کشیدگی کا اثر: ایئر انڈیا نے دبئی کے لیے 5 اور ابوظہبی کے لیے تمام پروازیں منسوخ کر دیں
یواے ای ایئر پورٹ اتھارٹی کی ہدایات کی وجہ سے اتوار کو دبئی اورابوظہبی جانے والی ایئرانڈیا اور ایئرانڈیا ایکسپریس کی زیادہ تر پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ دبئی کے لیے 6 میں سے 5 پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔

مشرق وسطیٰ میں خطرناک سطح پر پہنچتی نظر آرہی جنگ سے بین الاقوامی ہوائی ٹریفک بری طرح متاثر ہوا ہے۔ کئی ممالک کی جانب سے اپنی فضائی حدود بند کرنے یا پابندیاں لگانے کی وجہ سے عالمی پروازوں کا پورا شیڈول درہم برہم ہوگیا ہے۔ ان حالات میں متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے ایئرپورٹ اتھارٹی کی طرف سے جاری نئی ہدایات کے بعد ہندوستان کی بڑی فضائی کمپنی ایئرانڈیا اور ایئرانڈیا ایکسپریس کی پروازوں پر بھی نمایاں طور پراثر پڑا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز (15 مارچ 2026) کو طے شدہ کئی ایڈہاک پروازکو منسوخ کرنا پڑا جس سے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفر کرنے والے سیکڑوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں ایئرانڈیا نے واضح کیا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ اتھارٹی کی ہدایات کی وجہ سے اسے اپنی پروازیں کم کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ ایئر انڈیا کی دہلی-دبئی روٹ پر صرف ایک واپسی پروازچلے گی جبکہ 5 میں سے 4 طے شدہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
تازہ صورتحال کے مطابق دبئی جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی 6 میں سے 5 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور صرف ایک دہلی-دبئی ریٹرن پرواز چلے گی۔ ابوظہبی جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی تمام 5 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کمپنی نے صاف کردیا ہے کہ یہ پروازیں بھی سلاٹ کی دستیابی اور آپریٹنگ حالات پرمنحصر ہوں گی۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہوائی اڈہ کے لیے نکلنے سے پہلے اپنی فلائٹ کا اسٹیٹس چیک کرلیں۔