بپرجوئے طوفان کا اثر، راجستھان کے باڑمیر میں بارشوں نے توڑا 25 سالہ ریکارڈ، کئی علاقے زیر آب

راجستھان میں گردابی طوفان بپرجوئے کے اثر کی وجہ سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ دریں اثنا، باڑمیر شہر میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور 25 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

جے پور: سمندری طوفان بپرجوئے کی وجہ سے راجستھان میں کے کئی اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے ہو رہی موسلادھار بارش نے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ بارشوں سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ موسلادھار بارش نے باڑمیر، سروہی اور جالور میں صورتحال خراب کر دی اور باڑمیر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

موسلا دھار بارش کے باعث 500 سے زائد دیہات میں بلیک آؤٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں راحت اور بچاؤ کاموں میں لگاتار مصروف ہیں۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے ریاست کے 8 اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔


محکمہ موسمیات نے باڑمیر، جالور اور سروہی میں بارش کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پالی اور جودھپور میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جبکہ جھنجھنو، جیسلمیر، بیکانیر، اجمیر، چورو، سیکر، ادے پور، ناگور، جے پور، جے پور سٹی، راجسمند، الور، کرولی، سوائی مادھوپور، بھیلواڑہ، چتور گڑھ، ٹونک، دوسہ، کوٹا اور بنڈی کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

بپرجوئے 16 جون کی رات 11:30 بجے جنوب مشرقی پاکستان سے ملحقہ جنوب مغربی راجستھان اور دھولاویرا کے شمال مشرق میں تقریباً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر کچھ کے اوپر ایک گہرے دباؤ میں تبدیل ہو کر کمزور ہو گیا تھا۔

خیال رہے کہ سمندری طوفان بپرجوئے جمعرات کو گجرات کے جاکھاؤ بندرگاہ کے قریب لینڈ فال کیا تھا۔ اس نے مغربی ساحلی ریاست کے کچھ اور سوراشٹرا کے علاقوں میں تباہی کے نشانات چھوڑے تھے۔ اس کے بعد جیسے ہی یہ طوفان راجستھان میں داخل ہوا، جمعہ کو جالور، سروہی، باڑمیر، جودھ پور، جیسلمیر اور آس پاس کے علاقوں میں بارش شروع ہو گئی۔ کچھ علاقوں میں ہوا کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔