موجودہ حالات میں ہوشمندی سے کام کرنے کی ضرورت

امارت شرعیہ میں منعقد علماء ودانشوروں کی خصوصی میٹنگ میں امیر شریعت کا خطاب



تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: امارت شرعیہ بہاراڈیشہ وجھارکھنڈ کے کانفرنس ہال میں شہر پٹنہ کے مختلف مذہبی وسماجی تنظیموں، دانشوروں، قانون دانوں اور صحافیوں کے ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا،جس میں ملک کے حالات اور مسلمانوں کی صورت حال کے حوالے سے غور خوض کیا گیا۔اجلاس کے دوران مفکراسلام امیر شریعت مولانا سید محمد ولی رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے موجودہ حالات میں قانون اورآئین کے دائرہ میں رہتے ہوئے نہایت ہی تدبر اور ہوشمندی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ولی رحمانی نے مزید کہا کہ بہارکے مسائل کے حوالے سے مسلمانوں کا ایک فد وزیر اعلی بہار سے ملاقات کرے گا اورمسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا جائے گا۔

ناظم امارت شرعیہ مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہاکہ اس وقت ملک کے حالات فکری وعملی ہرجہت سے ناگفتہ ہوتے جارہے ہیں،ایسے نازک حالات میں ملک کے تحفظ اور ملت کی بقاء کے لئے متحد ہوکر لائحہ عمل بنا کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس موقعہ پر مسلم پرسنل لا بورڈ کی قوم کے تئیں خدمات کو بھی سراہا۔جماعت اسلامی بہارکے ذمہ دار احمد علی نے کہاکہ ہم داعی امت ہیںاس لئے ہم فریق بن کر نہ رہیں بلکہ رفیق بنیںاور دین کی دعوت کوپھیلائیں۔

حسن احمد قادری ناظم جمعیۃ علماء بہارنے کہاکہ ملک کے امن پسند شہریوں اور سیکولر زم پر یقین رکھنے والے لوگوں کوساتھ لیکر مضبوط طاقت بنائیں۔ ثناء اللہ رضوی ناظم ادارہ شرعیہ نے امارت شرعیہ کے قیادت پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ کاموں میں قوت وتوانائی اجتماعیت سے پیداہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کوجوش میں ہوش نہیں کھونا چاہئے، اور انتہائی سنجیدگی سے ہرمسئلہ کوحل کرنا چاہئے۔ انہوں نے مسلم جماعتوں کے ایک نمائندہ وفد کی تشکیل کی بھی تجویز رکھی۔

شیعہ وقف بورڈ کے رکن ارشاد علی نے کہاکہ وقف بورڈ کے تعلق سے لوگوں میں جو غلط فہمیاں ہیں انہیں دورکرنے کے لئے علماء کا عوام کے درمیان رابطہ رہنا چاہئے اوران کی غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہئے۔اجلاس سے مولانا ابوالکلام شمسی قاسمی سابق پرنسپل مدرسہ اسلامیہ شمس الہدی پٹنہ ، عبدالقیوم انصاری ، پندار کے ایڈیٹر ڈاکٹر ریحان غنی ، جاوید اقبال ایڈوکیٹ ، مولانا ڈاکٹر شکیل احمد قاسمی ، محمد خالدانور وغیر ہ بھی موجود رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Aug 2017, 10:20 PM