پلوامہ میں نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے امام مسجد زخمی

جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعہ کی صبح نامعلوم بندوق برداروں نے مقامی مسجد کے امام پر گولیاں چلاکر شدید طور پر زخمی کردیا۔ ریاستی پولیس نے حملے کے لئے جنگجوؤں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

مولوی محمد اشرف ٹھوکر کی فائل تصویر
مولوی محمد اشرف ٹھوکر کی فائل تصویر
user

یو این آئی

کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر کہا گیا ’جنگجوؤں نے آج صبح پلوامہ کے پاری گام میں ایک عام شہری پر گولیاں چلائیں۔ اسے علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم بندوق برداروں نے جمعہ کی صبح پاری گام میں مولوی محمد اشرف ٹھوکر کی ٹانگوں کو نشانہ بناکر گولیاں چلائیں۔

انہوں نے بتایا ’محمد اشرف ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ کا رہنے والا ہے۔ گولیاں لگنے سے اس کی دونوں ٹانگیں زخمی ہوئی ہیں۔ اس سے پہلے مقامی اسپتال اور بعدازاں وہاں سے ڈاکٹروں کے مشورے پر سری نگر منتقل کیا گیا‘۔

رپورٹوں کے مطابق محمد اشرف پاری گام کی مقامی مسجد میں نماز کی امامت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ سیکورٹی فورسز نے محمد اشرف پر حملے کے بعد پاری گام میں تلاشی آپریشن شروع کیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا ’واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Jul 2018, 10:42 AM