اندرا گاندھی امن ایوارڈ کے لیے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن اور ٹرینڈ نرسز آرگنائزیشن آف انڈیا کا انتخاب

سابق چیف جسٹس آف انڈیا ٹی ایس ٹھاکر کی صدارت میں جوری نے کورونا کے خلاف جنگ کے لیے دونوں ناموں کا انتخاب کیا ہے۔

تصویر GettyImages
تصویر GettyImages
user

قومی آوازبیورو

اندرا گاندھی امن، تخفیف اسلحہ و ترقی ایوارڈ 2022 کے لیے انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن (آئی ایم اے) اور ٹرینڈ نرسیز آرگنائزیشن آف انڈیا کا انتخاب کیا گیا ہے۔ آئی ایم اے کے ڈاکٹروں اور نرسز کو 2020 اور 2021 میں کووڈ وبا کے دوران لاکھوں لوگوں کی خدمت کرنے کے لیے اس ایوارڈ سے سرفراز کیا جائے گا۔ اندرا گاندھی میموریل ٹرسٹ کی طرف سے آج اس فیصلہ کا اعلان کیا گیا۔ سابق چیف جسٹس آف انڈیا ٹی ایس ٹھاکر کی صدارت میں جوری نے دونوں ناموں پر آخری فیصلہ لیا ہے۔

ٹرسٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا اس وقت کووڈ سے باہر نکلتی نظر آ رہی ہے، لیکن یہ خطرناک وائرس فی الحال ختم نہیں ہوا ہے اور اب بھی اس کی واپسی ہو سکتی ہے۔ ٹرسٹ نے کہا کہ کورونا سے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں نے اپنی جان گنوائی، کئی کنبے تباہ ہو گئے اور سماج و معیشت پر اس کا گہرا اثر پڑا۔ اس اثر کو پوری طرح سے ٹھیک ہونے میں ابھی طویل وقت لگے گا۔


ٹرسٹ نے بیان میں کہا کہ ملک میں ایسا پہلی بار دیکھا گیا ہے کہ کس طرح ڈاکٹر، نرس، پیرامیڈکس، ملازمین اور دیگر ہیلتھ ورکرس ایک ایسی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے آگے بڑھے جو انھوں نے بھی پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی۔ ان لوگوں نے خود کی جان کی پروا کیے بغیر طویل مدت تک لگاتار کام کیا۔ اس دوران کئی ڈاکٹرس اور نرسز کی بھی جان چلی گئی۔ وہ اس بات کی پروا کیے بغیر مریضوں کی خدمت کرتے تھے کہ انھیں اور ان کے گھر والوں کو کتنی بڑی قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔ ان کا تعاون، ان کی محنت، ان کا عزم اور ان کی ہمت قابل اعزاز ہے۔

ٹرسٹ نے کہا کہ سابق چیف جسٹس آف انڈیا ٹی ایس ٹھاکر کی صدارت میں اندرا گاندھی امن، تخفیف اسلحہ و ترقی ایوارڈ کی جوری نے سال 2020 اور 2021 میں وبا کے سب سے برے وقت کے دوران ہندوستان میں کووڈ جنگجوؤں کے کاموں کی تعریف کرنے کے لیے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔ چونکہ ڈاکٹرس کی کوئی قومی نمائندگی نہیں ہے، اس لیے اس ایوارڈ کو قبول کرنے کے لیے جوری نے دو تنظیموں کو مدعو کیا ہے جو ہندوستان میں ڈاکٹرس اور نرسز کی سب سے بڑے پیمانے پر نمائندگی کرتی ہیں۔ انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن کی 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں 1700 برانچز ہیں اور 350000 ڈاکٹرس ہیں۔ علاوہ ازیں ٹرینڈ نرسز آرگنائزیشن آف انڈیا میں تقریباً 380000 اراکین ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */