آئی آئی ٹی گوہاٹی میں فیس میں اضافے پر طلبا برہم، رجسٹریشن روکنے پر مظاہرے تیز

آئی آئی ٹی گوہاٹی میں فیس میں اچانک اضافے پر پی ایچ ڈی اور ایم ٹیک طلبا نے شدید احتجاج کیا۔ رجسٹریشن سے روکے جانے کے بعد مظاہرہ مزید شدت اختیار کر گیا۔ احتجاج میں بی ٹیک طلبا بھی شامل ہو سکتے ہیں

<div class="paragraphs"><p>آئی آئی ٹی گوہاٹی میں طلبا کا احتجاج / تصویر بشکریہ این ڈی ٹی وی</p></div>

آئی آئی ٹی گوہاٹی میں طلبا کا احتجاج / تصویر بشکریہ این ڈی ٹی وی

user

قومی آواز بیورو

گوہاٹی: آئی آئی ٹی گوہاٹی میں فیس میں اچانک اضافے کے خلاف طلبا کی جانب سے زبردست احتجاج کیا جا رہا ہے۔ خاص طور پر پی ایچ ڈی اور ایم ٹیک طلبا نے اپنی رجسٹریشن رکوانے اور مختلف مدوں میں بے تحاشا اضافہ کیے جانے پر انتظامیہ کے خلاف آواز بلند کی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، منگل کو جیسے ہی جولائی تا نومبر 2025 سمیسٹر کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوا، سینکڑوں ریسرچ اسکالرز اور دیگر طلبا نے اضافی فیس بھرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سمیسٹر (جنوری تا مئی 2025) میں فیس 34,800 روپے تھی، جو اب بڑھ کر 45,700 روپے کر دی گئی ہے۔ یعنی تقریباً 10,900 روپے کا اضافی بوجھ طلبا پر ڈال دیا گیا ہے۔

احتجاج کرنے والے طلبا نے الزام لگایا کہ فیس کا یہ اضافہ غیر معقول اور غیر شفاف ہے۔ ان کے مطابق جمخانہ فیس کو 1,000 سے بڑھا کر 2,000 روپے، میڈیکل فیس 100 سے بڑھا کر 500 روپے، ہاسٹل کرایہ 1,000 سے 2,000 روپے، ہاسٹل فنڈ 600 سے 2,200 روپے اور بجلی و پانی کا بل 2,500 سے 3,500 روپے کر دیا گیا ہے۔

طلبا نے یہ بھی کہا کہ آئی آئی ٹی گوہاٹی کے سالانہ فیسٹیول کو شمال مشرقی ہندوستان کا سب سے زیادہ اسپانسرشدہ ایونٹ مانا جاتا ہے، اس کے باوجود فی سمیسٹر ہر طالب علم سے 1,300 روپے فیسٹیول فیس کے طور پر لی جا رہی ہے، جو غیر ضروری ہے۔


منگل کی شام جیسے جیسے احتجاج میں شدت آئی، طلبا نے اپنے اپنے شعبہ جات کے دفاتر کا رخ کیا۔ وہاں کئی طلبا کو بتایا گیا کہ جب تک وہ بڑھائی گئی فیس جمع نہیں کراتے، ان کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی۔ اس صورتِ حال نے طلبا کے غصے کو مزید بڑھا دیا اور مظاہرہ تیز ہو گیا۔

طلبا کا کہنا ہے کہ مرکز کی جانب سے پی ایچ ڈی اسکالرز کو ہاؤس رینٹ الاؤنس دیا جا رہا ہے، اس کے باوجود ان سے ہاسٹل کرایہ الگ سے وصول کیا جا رہا ہے، جو دہری وصولی کے مترادف ہے۔

بدھ کو متوقع ہے کہ بی ٹیک طلبا بھی احتجاج میں شامل ہوں گے۔ تاہم، آئی آئی ٹی گوہاٹی انتظامیہ کی جانب سے تاحال نہ تو کسی بیان میں فیس اضافے کا دفاع کیا گیا ہے اور نہ ہی طلبا کے خدشات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے آیا ہے۔ طلبا کا کہنا ہے کہ وہ اس احتجاج کو جاری رکھیں گے جب تک ان کے مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں سنا جاتا اور غیر ضروری فیس واپس نہیں لی جاتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔