دسترخوانِ افطار: افطار کو بہترین بنانے والے چار میٹھے پکوان

رمضان کے آخری چند دنوں سے لطف اندوز ہونے میں مدد کی غرض سے ہم نے آپ کے لیے منہ میں پانی لے آنے والے کچھ ڈیزرٹس کو تیار کیا ہے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

روزہ رکھنے کا ایک سخت اور پورا دن مکمل کرنے پر افطاری کے دستر خوان کو شاندار بنانے والے یہ کچھ انتہائی آسان اور لذیذ ڈیزرٹس (میٹھے پکوان) آپ کو ایک زبردست مزے سے ہمکنار کریں گے۔ آئیں اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

چاکلیٹ موس

چاکلیٹ موس کو مزے کی دنیا میں ایک کلاسیکی حیثیت حاصل ہے جو مزے دار چاکلیٹ کی لذت سے مالا مال، کریمی اور نرم و ملائم ہیں۔ اپنی افطار ٹیبل کو شاندار بنانے کے لیے چاکلیٹ موس کی یہ ترکیب ضرور آزمائیں۔ اس میٹھے پکوان کو بنانے میں صرف چار اجزاء استعمال کیے جاتے ہیں، جن سے کوئی بھی لطف اٹھا سکتا ہے۔ اگر آپ گھر میں ایک آسان میٹھا ٹرائی کرنے کی کوشش میں ہیں تو یہ نسخہ خاص طور پر آپ کے لیے ہی ہے۔ پھینٹی ہوئی کریم اور چاکلیٹ کے ٹکڑوں کے ساتھ گارنش کریں اور ٹھنڈے میٹھے چاکلیٹ موس کو انجوائے کریں اور نہایت شاندار نرم و ملائم اور کریمی ذائقے کی منفرد دنیا میں کھو جائیں۔


ہوم میڈ فالودہ

یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ فالودہ مغلوں کی تخلیق ہے۔ لذت اور تازگی سے بھرپور ٹھنڈے میٹھے مزے دار فالودے کو جیلی، پستے، بادام، کھویا، دودھ، عرقِ گلاب اور زعفران جیسے لوازمات کے امتزاج سے بنایا جاتا ہے۔ مزے دار، میٹھا، تروتازہ، خوشبو دار، کرنچی اور ٹھنڈا میٹھا مشروب جوآپ کے لیے لذتِ کام و دہن کا بہترین سامان فراہم کرتا ہے۔ یہ ایک مکمل اور بہترین نسخہ خاص طور پر آپ کے لیے ہے جو لذت اور تازگی سے بھرپور ہے۔ اسے ایک گرم اور تھکا دینے والے دن کے اختتام پر ضرور ٹرائی کریں جو آپ کو تازگی اور توانائی کی ایک نئی لہر سے روشناس کرے گا۔ خاص طور پر رمضان المبارک کے دنوں میں ایک طویل روزے کے بعد افطاری میں اگر آپ کو ٹھنڈا میٹھا مزیدار فالودہ مل جائے تو آپ کی طبیعت ہشاش بشاش ہوجائے گی۔

ساگودانہ کھیر

یہ ایک ایسی لذیذ اور میٹھی ڈش ہے جو ساگودانے اور دودھ کے امتزاج سے بنائی جاتی ہے اور اسے خاص مواقع پر بنایا جاتا ہے۔ یہ میٹھا اور مزیدار پکوان صحت کے لیے بھی اچھا ہوتا ہے اس لیے اسے زیادہ تر ناشتے میں کھایا جاتا ہے۔ اس کے بہت سے جسمانی فوائد ہیں جیسے کیلشیم، وٹامنز اور آئرن کی فراہمی وغیرہ۔ یہ میٹھا چھوٹے بچوں کی نشوونما کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے۔


فروٹ ٹرائفل

میٹھے اور مزے دار فروٹ ٹرائفل کو ایک پیالے میں تین تہوں کی صورت میں سجا کر پیش کیا جاتا ہے، یہ کیک، پُڈنگ، بہترین بالائی اور کٹے ہوئے پھلوں کا شاندار مرکب ہے جس میں اپنی پسند اور ذوق کے مطابق بیریز بھی شامل کی جاسکتی ہیں۔ اہل خانہ کے مل بیٹھنے یا کسی تہوار کے موقع پر اسے ٹھنڈا کرکے رات کے کھانے کے بعد میٹھی ڈش کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

رمضان المبارک میں اپنی افطاری کی ٹیبل کو فروٹ تڑائفل سے سجانا ایک خوشگوار عمل ہو سکتا ہے جس سے آپ اپنے اہل خاہ کے دل جیت سکتے ہیں۔ یہ مزیدار میٹھا کھانے میں جتنا لذیذ اور فرحت بخش ہے، بنانے میں بھی اتنا ہی آسان ہے۔

(بشکریہ فوڈ ٹریبیون)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔