رمضان میں افطار اور تراویح کی نمازوں کا اہتمام اپنے اپنے گھروں میں ہی کریں: محکمہ اقلیتی بہبود

محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریاست میں کوویڈ -19 بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے رمضان المبارک کے دوران بھی احکامات کی پابندی کی جائے اور مسجدوں میں نمازیں، افطار اور تراویح نہ پڑھیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: آئندہ ہفتہ سے شروع ہو رہے رمضان المبارک کے موقع پر اپنی نمازیں، افطار اور تراویح کی نمازیں و دیگر عبادات اپنے اپنے گھروں میں ہی ادا کریں اور کوویڈ -19 بیماری کے پھیلاو کو روکنے کے لیے جو احتیاطی تدابیر بتائی جا رہی ہیں اور حکومت کی جانب سے جو احکامات دیئے جا رہے ہیں ان پر سختی سے عمل کریں اس طرح کی ہدایات (ایڈوائزری) مہاراشٹر کے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے کی گئی ہے۔

ریاست میں کوویڈ -19 بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 3 مئی تک لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران تمام عبادت گاہوں میں عبادت کرنے پر پابندی عائد ہے۔ اسی لیے رمضان المبارک کے دوران بھی ان احکامات کی پابندی کی جائے اور مسجدوں میں نمازیں افطار اور تراویح نہ پڑھیں بلکہ انفرادی طور پر اپنے اپنے گھروں میں ان عبادات کا اہتمام کریں اس طرح کے احکامات مرکزی حکومت کے اقلیتی وزارت کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں اسی کے پیش نظر ریاستی حکومت کی جانب سے بھی ان احکامات پر عمل آوری کے لیے عوام کے لیے ہدایتیں جاری کی گئیں ہیں۔


رمضان المبارک کے دوران ان ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے اور اجتماعی افطار، نمازیں، کسی بھی طرح کے دینی، مذہبی پروگرام ، کھلے میدان میں ایک جگہ جمع ہو کر نماز پڑھنے یا افطار کرنے یا نمازیں پڑھنے سے بچیں۔ اور آئیندہ احکامات تک ان ہدایتوں پر سختی سے عمل کریں۔

اس ضمن میں ریاست کے تمام کمیشنرس، کلکٹرس اور اعلیٰ پولس عہدیداروں کو ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں علماؤں، مذہبی رہنماؤں، سیاسی لیڈران، سوشل ورکرس وغیرہ کے ذریعے مسلمانوں سے اس بات کی اپیل کریں اور ان احکامات کے سلسلے میں انھیں واقف کرائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔